اولمپک رنگز کا مطلب جانتے ہیں؟

اپ ڈیٹ 18 فروری 2018
— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

سرمائی ہو یا گرمائی، اولمپک مقابلوں میں پانچ مختلف رنگ کے دائرے ایک جیسے ہی ہوتے ہیں جو ایک دوسرے میں پیوست ہوتے ہیں، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ ان رنگز کا مطلب کیا ہے؟

تو اس کا سیدھا جواب تو یہ ہے کہ یہ پانچ رنگز درحقیقت دنیا کے پانچ آباد براعظموں کی نمائندگی کرتے ہیں (یوریشیا، افریقہ، امریکا، انٹارکٹیکا، آسٹریلیا)۔

مگر اس کا زیادہ تفصیلی جواب کچھ پیچیدہ ہے، ویسے یہ تو آپ دیکھ چکے ہوں گے کہ ان پانچ رنگز کے رنگ بھی مختلف ہوتے ہیں یعنی نیلا، زرد، سیاہ، سبز اور سرخ جبکہ درمیان میں سفید رنگ یا یوں کہہ لیں کہ یہ چھ رنگوں پر مشتمل ہیں۔

مزید پڑھیں : اولمپک میڈلز کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟

1894 میں ایک فرانسیسی بیرن پیری ڈی فریڈے کوبیرٹن نے پیرس میں ایک کانگریس کو اس بات پر قائل کیا کہ تاریخی اولمپک گیمز کو بحال کیا جائے ، انہوں نے یہ خیال سب سے پہلے 1889 میں پیش کیا تھا اور پانچ سال بعد کانگریس نے جدید اولمپکس پر اتفاق ظاہر کیا، جس کے بعد عالمی اولمپک کمیٹی کی تشکیل ہوئی، جسے 1896 میں پہلے ایتھنز گیمز کی منصوبہ بندی کا کام دیا گیا۔

اس وقت اولمپک گیمز میں تمام براعظموں کے ایتھلیٹ شامل نہیں تھا اور 1912 کے اسٹاک ہوم گیمز پہلا اولمپک تھا جس میں دنیا کے آباد تمام براعظموں کے ایتھلیٹس نے شرکت کی۔

اس موقع پر بیرن ڈی فریڈے نے ان پانچ رنگز کو ڈیزائن کرتے ہوئے کہ جو اس کے بقول تمام براعظموں کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ ان دائروں کے رنگ اور پس منظر کی سفیدی اس دور کے تمام ممالک کے جھنڈوں سے لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اولمپک ایتھلیٹس تمغے چباتے کیوں ہیں؟

ان کا کہنا تھا 'جیسے نیلا اور زرد سوئیڈن، نیلا اور سفید یونان، فرانس، برطانیہ، امریکا، جرمنی، بیلجیئم، اٹلی اور ہنگری کے تین رنگوں کے جھنڈے، زرد اور سرخ اسپین، برازیل اور اسٹریلیا، قدیم جاپان اور چین وغیرہ۔ یہ حقیقی معنوں میں بین الاقوامی علامت ہے'۔

انہوں نے یہ اولمپک رنگز 1914 میں عالمی اولمپک کمیٹی کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر پیش کیا اور ایک سال بعد یہ آفیشل اولمپک علامت بن گئے۔

اس سب سے پہلے 1916 کے گیمز میں استعمال کیا جانا تھا مگر وہ جنگ عظیم اول کے باعث منسوخ ہوئے اور اس طرح ان رنگز کا ڈیبیو 1920 کو بیلجیئم کے انٹورپ گیمز میں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں