میلبرن: آسٹریلین فاسٹ باؤلر جیکسن برڈ فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ماہ شیڈول دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے اور ان کی جگہ چیڈ سیئرز کو اسکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلین سلیکشن چیئرمین ٹریور ہونز کے مطابق جیکسن برڈ ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ نہیں جائیں گے، ان کی جگہ چیڈ سیئرز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سیئرز کو کینگروز کی طرف سے انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کا موقع ملے گا۔

چیڈ سیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلین اسکواڈ میں طلبی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میرا دیرینہ خواب پورا ہوا ہے اور اگر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں پلیئنگ الیون میں موقع دیا گیا تو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔

دورہ جنوبی افریقہ میں آسٹریلیا میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں