وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی اوکرزئی ایجنسی میں سڑک کنارے نصب باردوی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکا لوئر اوکرزئی ایجنسی میں تورسمت کے علاقے میں ہوا، جہاں تین قبائلی اپنی کار میں ہنگو آرہے تھے کہ ان کی کار سڑک کنارے نصب باروی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور اس کے بیٹے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: مہمند ایجنسی میں دھماکا، ایک فوجی شہید

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق ملک شاہ جہان جمعرات کی صبح اپنی گاڑی میں علاقہ ڈبوری جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں تورسمت کے مقام پر سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔

انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں ملک شاہ جہان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا فرمان اللہ اور ڈرائیور گل شاہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلیے کلایہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی تلاش کا کام شروع کردیا۔

خیال رہے کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب کارروائی کی جاتی رہی ہیں جبکہ بارودوی مواد کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کے علاوہ عوام کو نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم پاک فوج نے آپریشن کے ذریعے علاقے سے دہشت گردوں کو بے دخل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

یاد رہے کہ یہ علاقہ افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔

پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں