سام سنگ گلیکسی ایس 9 کا کیمرہ کیسا ہوگا؟

15 فروری 2018
ممکنہ گلیکسی ایس نائن — فوٹو بشکریہ فوربس
ممکنہ گلیکسی ایس نائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 9 کو پیش کیے جانے میں چند دن ہی رہ گئے ہیں، مگر جنوبی کورین کمپنی مسلسل اس ڈیوائس کے حوالے سے لوگوں کا جوش و خروش بڑھانے میں مصروف ہے۔

سام سنگ کی جانب سے یوٹیوب پر چند مختصر ویڈیوز جاری کی گئی ہیں جن میں گلیکسی ایس نائن کے کیمرے کی خصوصیات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس نائن کی مزید تصاویر سامنے آگئیں

پہلی ویڈیو میں تیز حرکات کو دکھایا گیا ہے جس کے آخر میں منظراچانک سست ہوجاتا ہے اور اسکائی ڈرائیور سلوموشن میں نیچے جاتا دکھائی دیتا ہے جبکہ نمبر 9 نظر آتا ہے۔

اسکائی ڈرائیور کو نمبر 9 کے درمیان میں دکھانا درحقیقت کیمرہ لینس کی نقل کرنا ہے اور اس کے ذریعے سام سنگ نے بتایا ہے کہ گلیکسی ایس نائن کا کیمرہ انتہائی تیز فوکس اور شاٹس لینے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس میں سپرسلوموشن ریکارڈنگ فیچر بھی موجود ہے۔

دوسری ویڈیو میں رات کی تاریکی دکھائی گئی ہے، کچھ مناظر کسی شہری مقام یا گھر کے ہیں، جبکہ دیگر جنگل کے جہاں روشنی واضح نہیں۔ مگر آخر میں ایک ہرن کا سایہ اچانک نمبر 9 کے درمیان روشن ہوجاتا ہے جو کہ کیمرہ شٹر کی جانب اشارہ ہے۔

اس ویڈیو کے ذریعے سام سنگ نے اشارہ دیا ہے کہ گلیکسی ایس نائن انتہائی کم روشنی میں بھی واضح تصاویر یا ویڈیوز بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس حوالے سے مختلف افواہیں پہلے ہی موجود تھیں کہ اس نئے فون میں کئی طرح کے آپرچر انتہائی کم روشنی میں مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کے لیے دیئے جارہے ہیں۔

تیسری ویڈیو میں چہرے سے تاثرات کا اظہار کرنے والے شخص کو مختلف جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور آخر میں نمبر 9 کے درمیان اس کا چہرہ کسی مگ کے کارٹون ورژن میں بدل گیا۔

اس ویڈیو سے گلیکسی ایس نائن میں سام سنگ نے آئی فون ایکس جیسے تھری ڈی ایموجی کا اشارہ دیا ہے، جس کی افواہیں بھی پہلے سے سامنے آرہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : گلیکسی ایس 9 میں آئی فون ایکس جیسے تھری ڈی ایموجی

یعنی فرنٹ کیمرے میں ایسے اینیمیٹڈ ایموجی دیئے جارہے ہیں جو چہرے کے تاثرات کی نقل کرسکتے ہیں جبکہ صارف کو ایموجی کے کردار میں بدل سکتے ہیں اور پھر اسے دوستوں کے ساتھ چیٹ میں شیئر یا سوشل میڈیا پر پوسٹ کرسکتے ہیں۔

کیمرے کا معیار ہی سام سنگ کے اس نئے فون کے چند بہترین فیچرز میں سے ایک ثابت ہونے والا ہے تاکہ صارف اسے آئی فون ایکس، گوگل پکسل ٹو اور دیگر فونز پر ترجیح دینے پر مجبور ہوجائیں۔

خیال رہے کہ سام سنگ کا گلیکسی نوٹ ایٹ پہلا فون تھا جس میں جنوبی کورین کمپنی نے ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا تھا اور ایسی افواہیں عام ہیں کہ نیا فلیگ شپ فون ایس سیریز کا پہلا ایسا فون ثابت ہونے والا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس نائن کو 25 فروری کو بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں