وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی باجوڑ ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے رکن عبدالرحمٰن جاں بحق ہوگیا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق سڑک کنارے بم کا دھماکا باجوڑ ایجنسی میں ماموند گٹ اگرہ کے علاقے میں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے رکن عبدالرحمٰن جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں: اوکرزئی ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، ایک شخص ہلاک دو زخمی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

گزشتہ روز اوکرزئی ایجنسی میں سڑک کنارے نصب باردوی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب کارروائی کی جاتی رہی ہیں جبکہ بارودوی مواد کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کے علاوہ عوام کو نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم پاک فوج نے آپریشن کے ذریعے علاقے سے دہشت گردوں کو بے دخل کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ علاقہ افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیر ستان میں جون 2014 سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں