بولی وڈ سلطان سلمان خان کی سماجی تنظیم ’بینگ ہیومن‘ کومقررہ مدت کے اندرمفت ڈائلاسزسینٹر نہ کھولے جانے کی وجہ سے بلیک لسٹ کیے جانے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ سلمان خان نے اس تنظیم کا بنیاد 11 سال قبل 2007 میں رکھا، جو بنیادی طور پر غریبوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا کام کرتی ہے۔

سلمان خان یہ تنظیم گزشتہ 11 برس میں متعدد کارنامے سر انجام دے چکی ہے، تاہم وہ گزشتہ 2 سال سے ایک کام کرنے میں ناکام رہی ہے، جس وجہ سے انہیں بلیک لسٹ کیے جانے کا خدشہ ہے۔

دکن کیرونیکل نے ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ سلمان خان کی تنظیم کو ممبئی کے ’دی بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن‘ (بی ایم سی) کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

خبر کے مطابق سلمان خان کی تنظیم کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ممبئی کے علاقے باندرا میں 24 ڈائلاسز سینٹر کو کھولنے میں ناکام گئی ہے، اور اگر تنظیم نے خدشات ختم نہ کیے اور سینٹرز کے قیام کو یقینی نہیں بنایا تو اسے بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی تنظیم کو ممبئی کے سینٹ جوہن روڈ پالی ہل میں واقعے الائیڈ کو آپریٹو سوسائٹی میں 24 ڈائلاسز سینٹر کو ایک سال کے اندر کھولنا تھے، تاہم تاحال تنظیم مذکورہ سینٹر نہیں کھول سکی، جس وجہ سے اسے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق اگر سلمان خان کی تنظیم نے مذکورہ سینٹرز نہ کھولے تو اسے بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں