قومی ٹیم اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ کھیل اور سخت محنت کے ذریعے کراچی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پی ایس ایل میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل بات کرتے ہوئے سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ 'اس مرتبہ فائنل میں ہوم ٹاؤن کراچی میں ہو رہا ہے اور اگر فائنل میں پہنچے تو ہم کامیابی کے لیے کوشش کریں گے'۔

سرفرازاحمد کی قیادت میں کمزور تصور کی جانے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ دونوں ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فائنل تک رسائی کی تاہم جیتنے میں ناکام رہے۔

انھوں نے کہا کہ 'جب آپ مختصر طرز کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ کی فٹنس اسی کے مطابق ہوتی ہے کیونکہ میچوں کے درمیان کم وقت ہوتا ہے اور جب ایک روزہ یا ٹیسٹ کھیلنے جاتے ہیں تو سب عیاں ہوجاتا ہے'۔

خیال رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کی وجہ سے ایک روزہ اور ٹیسٹ جیسی طویل طرز کرکٹ کو نقصان پہنچا ہے۔

سرفراز احمد نے چیف سلیکٹر کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ 'میں ان کی بات سے متفق ہوں کہ جتنی زیادہ ہم طویل طرز کرکٹ کھیلیں گے تو ہماری کرکٹ بہتر ہوگی'۔

پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 22 فروری کو دفاعی چمپیئن پشاور زلمی اور نئی ٹیم ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں