شیخوپورہ: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے ووٹ کی حفاظت کرنا ہوگی، جو ووٹ مسلم لیگ (ن) کے باکس میں نہیں جائے گا وہ عوام کے ووٹوں کے تقدس کے خلاف جائے گا۔

شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے سوال کیا جائے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور پشاور میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ان شہروں کی حالتِ زار ہیں جبکہ شہباز شریف نے لاہور کو پاکستان کا خوبصورت ترین شہر بنادیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کے ساتھ مل کر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مثالی کام کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: ’عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ نواز شریف کے بغض میں دیا گیا‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر عوام ملک میں بجلی، پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات چاہتے ہیں تو انہیں ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہوگی۔

نواز شریف نے اپنے ہاتھ میں 10، 50، 100، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ ہاتھ میں باری باری لہراتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ ثابت کردے کہ میں نے کبھی اتنے روپے کی رشوت لی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے جرم میں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ'مخالفین مجھ سے انتقام لینا چاہتے ہیں، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ نواز شریف ڈرنے والا نہیں ہے اور نہ ہی کبھی گھبرائے گا'۔

نواز شریف نے جلسہ عام میں نعرہ لگوایا کہ 'ووٹ کو عزت دو'۔

نواز شریف کو کبھی بھی عوام نے نہیں نکالا، مریم نواز

اس سے قبل مریم نواز نے شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاناما پیپرز کیس کا مقدمہ نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ عوام کا مقدمہ ہے جن کے منتخب کردہ وزیراعظم کو ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا لیکن عوام نے کبھی بھی انہیں ووٹ کے ذریعے نہیں نکالا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے کبھی بھی وزارتِ عظمیٰ کا دور مکمل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کیس کا مقدمہ نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ عوام کا مقدمہ ہے جن کے منتخب کردہ وزیراعظم کو ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تین مرتبہ حکومت کی اور تینوں ہی مرتبہ انہیں ووٹ کے ذریعے نہیں نکلا جاسکا۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ کیسا انصاف ہے کہ نواز شریف کو والد کو کندھا دینے کے لیے ملک میں آنے نہیں دیا جاتا اور جب اہلیہ بیرونِ ملک بیمار ہو تو اسے ملک سے باہر بھی نہیں جانے دیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام پلس کردیں اسے کوئی مائنس نہیں کرسکتا، مریم نواز

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا نواز شریف وہ وزیراعظم ہے جس سے عوام محبت کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہنا تھا کہ ہم سب نواز شریف کے سپاہی اور ان کے جھنڈے تلے جمع ہیں، مائنس نواز شریف فارمولے پر عمل کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو جھوٹے مقدمے میں ہائی جیکر بناکر جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ جلد حقیقی جے آئی ٹی بنائی جائے گی جو واٹس ایپ پر تمام معاملات دیکھیں گے۔

جلسے سے قبل نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ مریم نواز کو سونے کا تاج بھی پہنایا گیا۔

تبصرے (2) بند ہیں

Murad Feb 18, 2018 04:53pm
Just to remind that Pak nuclear programme was actually started by Z.A. Bhutto. MNS is just using whatever he can presently to malign Pakistan judiciary.
KHAN Feb 18, 2018 05:46pm
نااہل وزیر اعظم کی یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ انھوں نے کراچی اور پشاور پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اور یہ بات بھی بالکل ٹھیک ہے کہ نواز شریف نے 10، 50، 100، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ کبھی رشوت میں نہیں لیے مگر یہ بات غلط ہے کہ انھوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، پاکستان کو ایٹمی طاقت محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اور ان کے بہت سارے ساتھیوں نے بنایا۔