شارجہ: مجیب الرحمان کی تباہ کن باؤلنگ اور محمد شہزاد کی شاندار بلے بازی کی بدولت افغانستان نے زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

جمعہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز چوتھے ون ڈے میچ میں زمبابوین ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 38 اوورز میں 134 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کریگ ارون کے سوا زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی افغانستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

ارون نے 54 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔

افغان لیگ اسپنر مجیب الرحمان نے 5 محمد نبی اور راشد خان نے 2، 2 شراف الدین نے ایک وکٹ لی۔

لیگ اسپنر نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم عمر میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا وقار یونس کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، وقار یونس نے 18 سال اور 134 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ مجیب کی عمر ابھی محض 16 سال 325 دن ہے۔

زمبابوے کی اننگز کے جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 22ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

شہزاد اور احسان اللہ نے ڈٹ کر زمبابوین باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 135 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شہزاد 75 اور احسان اللہ 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

مجیب الرحمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں