آسٹریلیا کا نیا عالمی ریکارڈ، نیوزی لینڈ 244 رنز کے دفاع میں ناکام

16 فروری 2018
میچ میں فتح کے بعد ایرون فنچ اور ایلکس کیری جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ میں فتح کے بعد ایرون فنچ اور ایلکس کیری جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

آکلینڈ: سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر کی اوپننگ شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ریکارڈ ساز ٹی20 میچ میں شکست دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

آکلینڈ میں سہ ملکی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

گپٹل اور منرو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کینگرو باؤلرز کی خوب خبر لی اور ٹیم کو 132 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اینڈریو ٹائی نے منرو کو آؤٹ کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کیا جنہوں نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیفرٹ صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ سے مارٹن گپٹل نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹی20 کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی، وہ 212 کے مجموعے پر 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

جواب میں وارنر اور ڈی آرسی شارٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

اس موقع پر اش سودھی نے وارنر کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا، وارنر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرس لن 18 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے ڈی آرسی شارٹ نے گلین میکسویل کے ساتھ مل کر اسکور 199 تک پہنچا کر ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا، میکسویل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 217 کے اسکور پر بوٹ نے آرسی شارٹ کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شارٹ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سات گیندوں قبل ہی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا کر ٹی20 کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف تک رسائی کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

ڈی آرسی شارٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں