اداکار ساجد حسن کے ہیئر ٹرانسپلانٹ کی خوفناک داستان گزشتہ دنوں سامنے آئی تھی اور وائرل ہوئی تھی۔

مگر اب لگتا ہے کہ ساجد حسن کو اس مشکل سے نجات ملنے والی ہے اور آخرکار ان کے سر کا علاج اور سرجری ہونے والی ہے۔

اداکار اور پلاسٹک سرجن فہد مرزا نے انسٹاگرام پر ساجد حسن کے ساتھ ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے، جس میں فہد مرزا ساجد حسن کو آپریشن تھیٹر کی جانب لے جارہے ہیں۔

ویڈیو میں فہدر مرزا نے بتایا ' ہم ساجد بھائی کو سر کی بحالی کی سرجری کی جانب لے جارہے ہیں، ہم بہت جلد ساجد بھائی کو ایک بار پھر ہمیشہ کی طرح اداکاری کے شعبے میں بہترین انداز سے دیکھیں گے'۔

اس موقع پر ساجد حسن نے ہنستے ہوئے کہا ' یہ اس کا وعدہ ہے، اچھا ہے کہ وہ اس پر قائم رہے'۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں ساجد حسن کی ایک فیس بک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کے خوفناک تجربے کا ذکر کیا تھا۔

انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ نو سال تک ایک ڈاکٹر انہیں ہیئرٹرانسپلانٹ کے لیے قائل کرتا رہا اور دو ماہ قبل وہ رضامند ہوگئے۔

تاہم ساجد حسن کو ٹرانسپلانٹ کے عمل سے بغیر کسی ٹیسٹ کے گزارا گیا، حالانکہ وہ جانتے تھے کہ ایسا نہیں ہوتا۔

جب اداکار نے ڈاکٹر سے اس بارے میں بات کی تو اس جواب دینے کی بجائے ان کا ہیئر ٹرانسپلانٹ کرنے کی کوشش شروع کردی۔

ساجد حسن کے مطابق ' اگلے روز میں خود کو بیمار محسوس کرنے لگا، دس سے پندرہ دن تک میں بخار اور انفیکشن کے باعث بستر میں پڑا رہا اور ڈاکٹر بس یہ یقین دہانی کراتا رہا کہ میں جلد بہتر ہوجاﺅں گا'۔

ساجد حسن نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جب وہ چیک اپ کے لیے جانے لگے تو ڈاکٹر نے ان کے سر کو سیلین واٹر (معدنیاتی نمکیات کا پانی) سے دھو دیا۔

انہوں نے مزید بتایا ' ایک ماہ تک مجھے اور میرے گھروالوں کو متعدد مشکلات کا سامنا ہوا، مجھے کام سے محروم ہونا پڑا، اس ویڈیو کے ذریعے میں تحقیق کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا چاہتا ہوں، سب کو کسی طبی طریقہ کار سے گزرنے سے قبل دس بار چیک کرنا چاہئے اور درست سرجن کا انتخاب کرنا چاہئے'۔

تبصرے (0) بند ہیں