لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دنیا کے تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو کرکٹ پر اپنا مشیر اور کرکٹ بورڈ کا سفیر مقرر کردیا ہے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ شعیب اختر کا تقرر اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے بحیثیت فاسٹ باؤلر دنیائے کرکٹ میں بڑا نام بنایا اور کھیل کے بارے میں بہت معلومات بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایک اور سفیر و مشیر کا بھی تقرر عمل میں لایا جائے گا لیکن انہوں نے اس کا نام نہیں بتایا تاہم ڈان کے باوثوق ذرائع کے مطابق اس اہم منصب کیلئے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کے بورڈ سے مذاکرات جاری ہیں۔

پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ پپاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزوں کی جانب سے اپنے اپنے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیے جانے کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے برانڈ ایمبیسیڈر کا تقرر کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔

پی سی بی نے سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور وسیم اکرم کو لیگ کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا تھا لیکن اب ان دونوں کا معاہدہ مکمل ہونے کے بعد پی سی بی نے اس میں تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ رمی راجہ اور وسیم اکرم بھی اب اس نوکری کو جاری رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں