پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی روحانی شخصیت بشریٰ بی بی سے شادی کے بعد اب دعوت ولیمہ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ولیمے کی تقریب چند دن بعد بنی گالہ میں منعقد کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دعوت ولیمہ کی اس تقریب کو خصوصی طور پر محدو رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس تقریب کو سادگی اور وقار سے منعقد کیا جائے گا اور اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے تیسری شادی بشریٰ بی بی سے کرلی

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نکاح کے بعد عمران خان کے لندن اور سعودی عرب روانگی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ان کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کچھ دن تک بیرون ملک سفر نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کی تصدیق کی گئی تھی اور اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر بھی جاری کی گئیں تھیں۔

اس شادی کی تقریب کے بارے میں ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نکاح کی تقریب کا اہتمام چیئرمین تحریک انصاف کے برادر نسبتی احمد وٹو کی رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا تھا اور نکاح کی سادہ تقریب اتوار کو لاہور میں ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے نکاح کے موقع پر عمران خان کی جانب سے عون چوہدری اور ذوالفی بخاری گواہان میں شامل تھے جبکہ عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کی جانب سے کوئی شامل نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ’نوجوانوں کو عمران خان سے سیکھنا چاہئیے‘

یاد رہے کہ عمران خان کی شادی کے حوالے سے خبریں گزشہ ماہ سامنے آئی تھیں تاہم پی ٹی آئی اور عمران خان کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ابھی عمران خان نے ابھی بشریٰ بی بی کو شادی کا پیغام بھیجا ہے۔

انگریزی اخبار دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ نے اپنے مضمون میں دعویٰ کیا تھا کہ مفتی سعید نے عمران خان کی تیسری شادی کا نکاح پڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ نکاح کی تقریب لاہور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے سیکٹر وائی میں یکم جنوری 2018 کو دلہن کے قریبی دوست کے گھر منعقد ہوئی جو پی ٹی آئی رہنماؤں کے بھی قریبی دوست ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں