رواں ماہ 9 فروری کو ایک مختصر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عام اداکارہ سے اسٹار بن جانے والی ملیالم اداکارہ پریا پرکاش وریئر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے کئی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی۔

خیال رہے کہ 9 نومبر کو بھارتی ملیالم فلم ’اورو آدھار لو‘ کے رومانٹک گانے ’مانیکا ملارایا پووی‘ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا پریاکاش وریئر اسٹار بن گئی تھیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا پرکاش کے انسٹاگرام پر ایک ہی دن میں 6 لاکھ 30 ہزار فالؤرز بنے تھے، اور اب تک ان کے فالؤرز کی تعداد بڑھ کر 30 لاکھ 80 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

ان کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ آنکھوں کے اشاروں کے ذریعے شرارتیں کرتے نظرآئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی ایک دن میں اسٹار بن گئی
—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام
—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام

ان کے اسی گانے کے خلاف ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں نے ان کے اور فلم کی ٹیم کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا رکھا ہے۔

مسلمانوں کا مؤقف ہے کہ ان کے گانے کی شاعری سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد جہاں پریا پرکاش ایک ہی دن میں اسٹار بن گئیں، وہیں انہوں نے گوگل سرچ پر تمام بڑی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

گزشتہ ہفتے وہ گوگل سرچ پر تلاش کی جانے والی پہلی شوبز شخصیت بنی تھیں، انہوں نے گوگل سرچ پر سنی لیونی جیسی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

تاہم اب انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے کئی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی۔

پریا پرکاش وریئر نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھارت کی متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی، تاہم وہ پیش کش کے باوجود فلموں میں کام نہیں کرسکتیں۔

مزید پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج

انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا سبب بتاتے ہوئے وضاحت کی کیوں کہ وہ اس وقت اپنے آنے والی ملیالم فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام
—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام

ان کا کہنا تھا کہ وہ اگست 2018 تک کسی بھی فلم میں کام نہیں کرسکتیں، البتہ انہوں نے تجویز دی کہ بھارت میں ان سے بھی زیادہ ہوشیار، خوبصورت اور ٹیلنٹڈ چہرے موجود ہیں، جنہیں کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔

اسی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ملیالم فلم ’اورو آدھار لو‘ میں ان کا کردار مختصر ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ اداکاری میں ان کا کوئی تجربہ نہیں، اور وائرل ہونے والی ویڈیو میں جو اداکاری انہوں نے دکھائی وہ بھی ان کے فلم ڈائریکٹر اور ٹیکنیکل ٹیم کا کمال ہے، جنہوں نے اس طرح کے انداز شوٹ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پریا پرکاش نے سنی لیونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

علاوہ ازیں ان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ان کی دوسری ویڈیو میں وہ سمندر کنارے موجود ہیں، ان کی اس مختصر ویڈیو کو گزشتہ 7 گھنٹوں میں 8 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

وہ ریاست کیرالہ کے شہر کوچی کے چیرائی بیچ پر نیلے اور سرخ کپڑوں میں ملبوس ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں