پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی نقاب کشائی منگل کو دبئی اسٹیڈیم میں کی جائے گی جس میں پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔

20 فروری کو ہونے والے ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب میں لیگ کی تمام 6 ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے جو ٹرافی کی نقاب کشائی کے بعد پریس کانفرنس کریں گے۔

پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی، نوید اصغر اور 6 ٹیموں کپتان ڈیرن سیمی، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، برینڈن میک کولم اور مصباح الحق پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے تقریب میں تمام ٹیموں کے مالکان اور ٹیم مینجمنٹ بھی شریک ہو گی۔

ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری کو ہو گا جس سے قبل رنگ و نور سے بھرپور افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مشہور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور امریکی پاپ استار جیسن ڈیرولا کے ساتھ ساتھ مایہ ناز پاکستانی گلوگار علی ظفر اور شہزاد رائے بھی شائقین کو محظوظ کریں گے۔

ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز دبئی، شارجہ اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں