لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے اس مرتبہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پی ایس ایل 2017 کیلئے کراچی کنگز نے سہیل خان کی خدمات حاصل کی تھیں جنہوں نے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ایونٹ کے سب سے کامیاب باؤلر کا اعزاز اپنے نام کیا تھا لیکن ان کی عمدہ کارکردگی بھی کراچی کنگز کو ایونٹ جتوانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی تھی البتہ اس مرتبہ وہ اپنی نئی ٹیم لاہور قلندرز کو ٹائٹل جتوانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ سال ایونٹ میں بہترین باؤلر رہا تھا اور اس سال اپنی ٹیم کو ایونٹ جتوانے کی کوشش کروں گا۔سہیل خان نے ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی سراہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کھلاڑیوں پر کارکردگی دکھانے کیلئے کوئی دباؤ نہیں اور ٹیم میں اچھے ماحول کی بدولت ہم بہترین نتائج دے سکیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ایونٹ میں مستقل اچھی کارکردگی کے باوجود کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر فاسٹ باؤلر سے نالاں نظر آئے اور ایک مرتبہ تو مکی آرتھر کی جانب سے سہیل خان کو ڈانٹنے کا منظر کیمرے کی آنکھ نے بھی قید کر لیا تھا۔

ادھر ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر اور انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شاہین آفریدی نے بھی یکساں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے درمیان دوستی سے ڈریسنگ روم میں بہت مزہ آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کی اب تک کی سب سے ناکام ٹیم ہے جہاں ایونٹ کے ابتدائی ایڈیشنز کے 16 میں سے 11 میچوں میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور دونوں ایڈیشنز میں وہ آخری نمبر پر رہے۔

تاہم اس سال انہوں نے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ایونٹ کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا آغاز 22 فروری سے ہو گا جہاں ایونٹ کا پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں