سعودی عرب میں پہلا فیشن ویک آئندہ ماہ ہوگا

20 فروری 2018
یواے ای میں ہونے عرب فیشن ویک میں ماڈلز ملبوسات پیش کر رہی ہیں—فوٹو: اے ایف پی
یواے ای میں ہونے عرب فیشن ویک میں ماڈلز ملبوسات پیش کر رہی ہیں—فوٹو: اے ایف پی

عرب فیشن کونسل (اے ایف سی) نے آئندہ ماہ مارچ میں سعودی عرب میں پہلے فیشن ویک منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک برس سے سعودی عرب میں اصلاحاتی پروگرام جاری ہے، جس کے تحت اب تک وہاں پہلے خواتین کے میوزک کنسرٹ منعقد کیے جانے سمیت وہاں 35 سال بعد پہلے فلم کی نمائش بھی کردی گئی۔

یہ اصلاحاتی پروگرام وژن2030 کے تحت شروع کیا گیا، جس کے ذریعے نہ صرف ثقافت، میوزک، کھیلوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی و صنعتی شعبوں میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اسی پروگرام کے تحت گزشتہ دسمبر میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ’کنگ فہد کلچر سینٹر‘ میں پہلی بار خواتین کا میوزک کنسرٹ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

اس کنسرٹ میں لبنانی گروکارہ ببا توازی نے گلوکاری کے جوہر دکھائے۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ ماہ جنوری میں وہاں 35 سال بعد پہلی فلم کی بھی نمائش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی پہلی تھیٹر ادکارہ نجات مفتاح

وژن 2030 کے تحت ہی رواں ماہ 12 فروری کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تھیٹر ڈرامے کے اندر پہلی بار کسی سعودی خاتون نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عرب فیشن کونسل کی سربراہ،صدر، سعودی عرب کی کنٹری سربراہ اور سی ای او—فوٹو: عرب نیوز
عرب فیشن کونسل کی سربراہ،صدر، سعودی عرب کی کنٹری سربراہ اور سی ای او—فوٹو: عرب نیوز

ریاض میں پیش کیے گئے تھیٹر ڈرامے میں نجات مفتاح نامی سعودی خاتون نے نئی تاریخ رقم کی تھی۔

تاہم اب وہاں پہلے فیشن ویک کو منعقد کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق دبئی کے عرب فیشن کونسل نے آئندہ ماہ 26 سے 31 مارچ تک ریاض میں پہلے فیشن ویک کا اعلان کردیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کا کنسرٹ

خبر رساں ادارے کے مطابق فیشن کونسل نے فیش ویک کا اعلان اپنی آفیشل ویب سائٹ پر کیا، ساتھ ہی کونسل نے سعودی عرب میں ہی رواں برس اکتوبر میں دوسرا فیشن ویک بھی منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

دوسرا فیشن ویک اکتوبر میں منعقد کیا جائے گا
دوسرا فیشن ویک اکتوبر میں منعقد کیا جائے گا

پہلے فیشن ویک کا انعقاد ریاض کے ایپیکس سینٹر میں کیا جائے گا، جس میں نہ صرف عالمی بلکہ مقامی فیشن ڈیزائنرکی ملبوسات بھی پیش کی جائیں گی۔

عرب نیوز کے مطابق عرب فیشن کونسل کی صدر پرنس نورا بنت فیصل کا لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں سعودی حکام نے فیشن ویک کرنے کی اجازت دے دی، اور انہیں تحریری اجازت نامہ بھی موصول ہوچکا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں 35 سال بعد پہلی فلم ریلیز

عرب فیشن کونسل کی سعودی عرب کی ڈائریکٹر لیلیٰ عیسیٰ ابوزید کا کہنا تھا کہ ریاض میں فیشن ویک منعقد کرنے کا مقصد مقامی خواتین کو فیشن سیکٹر میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے سمیت انہیں نئے اسٹائل سے متعارف کرانا ہے۔

خیال رہے کہ عرب فیشن کونسل جو مشرق وسطیٰ کے 22 ممالک کو ایک ہی چھتری کے تلے فیشن اور اسٹائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اس نے پہلے ہی ریاض میں اپنا علاقائی دفتر کھول رکھا ہے۔

سعودی عرب میں ہونے والے پہلے فیشن ویک میں کئی مقامی فیشن ڈیزائنر اپنی ملبوسات کی نمائش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، اس سے قبل وہ بیرون ملک ہونے والے فیشن ویک میں اپنے ملبوسات متعارف کراتی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں