پاکستان سپر لیگ 2018 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

اپ ڈیٹ 22 فروری 2018
پاکستان سپر لیگ 20108 کی تمام ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ہمراہ— تصویر بشکریہ پی ایس ایل ٹوئٹر
پاکستان سپر لیگ 20108 کی تمام ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ہمراہ— تصویر بشکریہ پی ایس ایل ٹوئٹر

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی جہاں تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام چھ ٹیموں کے قائدین نے شرکت کی۔

دبئی میں منعقدہ تقریب میں سوروسکی کی جانب سے بنائی گئی خوبصورت ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی جس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، تمام چھ فرنچائزوں کے کپتان، مالکان اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پی ایس ایل ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک کالے رنگ کے ڈبے میں آئی سی سی اکیڈمی لایا گیا جہاں سے اسے ہال تک دفاعی چیمپیئن ڈیرن سیمی لے کر آئے۔

پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی ٹرافی ڈیزائن کرنے پر سوروسکی کا شکریہ ادا کیا۔

پی ایس ایل 2018 کی ٹرافی
پی ایس ایل 2018 کی ٹرافی

اس کے بعد انہوں نے لیگ کے تمام چھ ٹیموں کے قائدین کا تعارف کراتے ہوئے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے ان کا اور فرنچائز کے مالکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سب سے پہلے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے ہر گھر میں بستے ہیں اور پاکستان میں ایک سپر اسٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں لیگ میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

اس کے بعد انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد کے قائد مصباح الحق کا تعارف کراتے ہوئے مصباح الحق ایک انتہائی منفرد انسان اور اپکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم کا تعارف کاتے ہوئے کہا کہ میک کولم کسی تعارف کے محتاج نہیں اور پوری دنیا ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور ہم پی ایس ایل میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کولم کی شکل میں نمائندگی پر بہت خوش ہیں۔

نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے قائد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی جتا کر تاریخ رقم کی اور پاکستان بھر کے شائقین کے شہروں پر خوشیاں بکھیریں اور ہمیں امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک اور کراچی کنگز کے نئے کپتان عماد وسیم کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بھی داد و تحسین سے نوازا۔

اس کے بعد ٹیموں کے قائدین نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کو ایک شاندار ٹورنامنٹ قرار دیتے ہوئے اس مرتبہ ایونٹ اپنے نام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہترین ٹورنامنٹ ہے اور اگر ہم اس مرتبہ بھی فائنل میں پہنچے تو ٹیم کے تمام اراکین کراچی میں ہونے والا فائنل کھیلیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے بھی اس مرتبہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چیمپیئن بننے کا اعادہ کیا جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم بھی دو ایونٹس میں ناکامی کے بعد اس مرتبہ ایونٹ جیتنے کا دعویٰ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے دو ایڈیشنز کے فائنل کھیلے اور اس مرتبہ بھی کوشش کریں گے کہ فائنل میں جگہ بنائیں اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائنل جیتنے کی کوشش کریں۔

نئی ٹیم ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو کامیاب اور اسے برانڈ بنانے کیلئے بہت محنت کی جس کیلئے ان کے شکر گزار ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ پہے ہی ایڈیشن میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹرافی اپنے نام کریں۔

کراچی کنگز کے نوجوان کپتان عماد وسیم نے بھی نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹرافی اس مرتبہ کراچی کنگز ہی جیتے گی۔

پی سی بی و پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ ساتھ کپتانوں کی گفتگو کے بعد ٹرافی کی نقاب کشائی کر دی گئی جسے گزشتہ سال کی طرح ایک مرتبہ پھر سوروسکی نے تیار کیا ہے۔

پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ ساتھ بہترین باؤلر، بیٹسمین، اسپرٹ آف کرکٹ، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، فیلڈ میں بہترین کھلاڑی اور بہترین وکٹ کیپر کی ٹرافیوں کی بھی رونمائی کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں