بولی وڈ فلم ’پیڈ مین‘ کی تشہیر کے لیے اگرچہ پوری فلم انڈسٹری سامنے آئی تھی، تاہم فلم نے اندازوں سے کم کمائی کرکے اکشے کمار کی کئی فلموں کی روایت برقرار رکھی۔

اگرچہ ’پیڈ مین‘ نے باکس آفس پر کم کمائی کی، تاہم فلم نے اچھے تجزیے بٹورے، بلکہ بھارت کی متعدد ریاستوں نے فلم کو ٹیکس فری بھی قرار دیا۔

باکس آفس تجریہ کاروں کا اندازہ تھا کہ فلم ابتدائی 10 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی، تاہم فلم نے اندازوں سے 30 کروڑ روپے کم کمائی کی۔

’پیڈ مین‘ نے ابتدائی 11 دنوں میں بھارت بھر سے مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پیڈ مین‘ کی پہلے ہی دن اندازوں سے کم کمائی

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق ’پیڈ مین‘ نے نہ صرف اندازوں سے کم کمائی کی بلکہ وہ 11 دن میں 100 کروڑ کلب میں بھی شامل ہونے میں ناکام رہی۔

اس سے قبل گزشتہ برس ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ بھی اگرچہ پہلے 2 ہفتوں میں 100 کروڑ کلب میں شامل نہیں ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں فلم نے 130 کروڑ روپے کما لیے تھے۔

تاہم 2017 کے آغاز میں ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی کامیڈین فلم ’جولی ایل ایل بی 2‘ ابتدائی 2 ہفتوں کے اندر 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی تھی۔

’پیڈ مین‘ کو بھارت سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں 9 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے سب سے زیادہ بزنس پہلے دن کی تھی، جو 10 کروڑ روپے سے زائد تھی۔

مزید پڑھیں: ’پیڈ مین‘ پر پاکستان میں پابندی؟
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

’پیڈ مین‘ کو سماجی موضوع پر بنائے جانے کی وجہ سے ریاست راجستھان سمیت دیگر ریاستوں نے اسے ٹیکس فری قرار دیا ہے، تاہم اس کے باوجود فلم کی کمائی میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔

واضح رہے کہ اکشے کمار، سونم کپور اور رادھیکا آپٹے کی یہ اس فلم کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔

اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا۔

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض بھارت کے پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیڈ مین کی تشہیر کی انوکھی مہم

اکشے کمار، سونم کپور اور رادھیکا آپٹے کی اس فلم کی ہدایات آر بالکی نے دی ہیں، جب کہ اسے ٹوئنکل کھنہ نے پروڈیوس کیا ہے۔

اس فلم کو پاکستان میں نمائش کے لیے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں