پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز مندی کا رجحان دیکھا گیا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 375 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ میں منفی رجحان کے باعث انڈیکس 43 ہزار کی سطح سے نیچے آتے ہوئے 42 ہزار 920 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 43 ہزار 623 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح پر پہنچا، تاہم چند منٹ بعد ہی اس میں گراوٹ دیکھی گئی اور باقی کاروباری وقت میں اس میں مندی کا رجحان رہا۔

مجموعی طور پر 18 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 8 ارب 50 کروڑ روپے رہی۔

کاروباری سیشن کے دوران کُل 349 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 154 کی قیمتوں میں اضافہ، 177 کی قدر میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز منفی رجحان

جے ایس گلوبل کی رپورٹ کے مطابق ’امریکا کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستان کو تین ماہ کی عارضی مہلت ملنے اور یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کے جی ایس پی پلس کا درجہ دو سال تک برقرار رکھنے کی توثیق کے باعث کاروباری سیشن کے ابتدا میں سرمایہ کار سرگرم نظر آئے۔‘

تاہم غیر یقینی سیاسی صورتحال اور کمزور کارپوریٹ آمدنی مارکیٹ میں منفی رجحان کا باعث بنی۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے سیمنٹ کا شعبہ ایک کروڑ 97 لاکھ شیئرز کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں