کیپ ٹاؤن: اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کی آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں شرکت متوقع ہے لیکن کپتان فاف ڈیوپلیسی، فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین اور ٹیمبا باووما کی فٹنس مسائل کے باعث شرکت تاحال غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم مارچ سے ہو گا اور سیریز سے قبل پروٹیز کو انجریز نے گھیر لیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے پانچ مستند کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں جن میں کپتان فاف ڈیوپلیسی، اے بی ڈی ویلیئرز، ڈیل اسٹین، ڈی کوک اور ٹیمبا باووما شامل ہیں۔

ڈیوپلیسی اور باووما انگلی، ڈی ویلیئرز گھٹنے، ڈی کوک کلائی اور اسٹین پاؤں کی انجریز کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی میزبان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر ڈاکٹر محمد موسی جی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ڈی ویلیئرز اور ڈی کوک پہلے ٹیسٹ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے تاہم ڈیوپلیسی اور باووما کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن ہم ٹیسٹ سیریز سے ایک یا دو روز قبل ان کھلاڑیوں کی پہلے ٹیسٹ میں دستیابی کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹین کی بحالی کا عمل سست ہے اس لیے ان کی پہلے دو ٹیسٹ میچز میں شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ ہمیں امید ہے کہ وہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے فٹ ہو جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں