ویلنگٹن: کرکٹ کی تاریخ میں چند انتہائی عجیب و غریب شاٹس دیکھنے کو ملتے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کھلاڑی نت نئے انداز سے شاٹس کھیل رہے ہیں لیکن نیوزی لینڈ میں کرکٹ میچ میں انوکھے انداز سے ہونے والے چھکے نے سب کو حیران کردیا۔

نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں تاریخ کا انوکھا واقع رونما ہوا جہاں کیوی کرکٹر جیت راول نے باؤلر کی جانب زوردار اسٹروک کھیلا جس کے سبب گیند باؤلر کے سر پر لگنے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق دی فورڈ ون ڈے کپ میں آکلینڈ کے بلے باز جیت راول نے اینڈریو ایلس کی گیند پر انتہائی زور دار شاٹ کھیلا اور گیند باؤلر کے سر پر ٹکرانے کے باوجود باؤنڈری سے باہر جا لگی۔

امپائر نے ابتدائی طور پر چوکے کا اشارہ دیا تاہم ری پلے دیکھنے کے بعد انہوں نے فیصلہ بدلتے ہوئے چھکے کا اشارہ دیا جبکہ خوش قسمتی سے اینڈریو ایلس بڑی انجری سے بچ گئے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایلس کا ٹیسٹ کرایا گیا اور خوش قسمتی سے وہ سنجیدہ نوعیت کی انجری سے محفوظ رہے۔

بعدازاں کانٹربری کی ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو ایلس نے معمول کے تحت چھٹے نمبر پر بیٹنگ کی۔

تبصرے (0) بند ہیں