دبئی: ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے ابتدائی میچ میں جیت کے لیے پُر امید ہیں۔

دبئی میں ٹیم کے عشایئے کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، تاہم ہماری ٹیم بھی اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوانے کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بطور کپتان ملتان سلطانز میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم میچ کے دوران بھرپور محنت کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بہتر کیوں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ 22 فروری کو ابتدائی میچ میں کیا ہونے والا ہے تاہم ہم میچ میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب ایونٹ کی دفاعی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے بھر پور انداز میں پُر عزم دکھائی دے رہی ہے۔

پشاور زلمی کے نوجوان ابھرتے ہوئے کھلاڑی ابتسام شیخ کا کہنا تھا کہ ایونٹ سے قبل تین پریکٹس میچز کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑیوں، فرنچائزوں پر سخت پابندیاں، پی سی بی کا ضابطہ اخلاق لاگو

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ابتسام شیخ کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ان کے آبائی علاقے کے لوگ ان کی وجہ سے پی ایس ایل تھری دیکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان اسپنر شاداب خان کی گزشتہ برس کی پرفارمنس کی طرح کارکردگی دکھانے کے لیے پُر امید ہیں۔

19 سالہ لیگ اسپینر نے کہا کہ وہ پی ایس ایل تھری کے ابتدائی میچ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکلنار کرانے کی کوشش کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں