لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لینے والی ماہرہ خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جب کہ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مداح مہوش حیات سے زیادہ سجل علی کے لیے پریشان دکھائی دیے۔

اگرچہ کچھ صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ مہوش حیات کو نہ دیے جانے پر دکھ کا اظہار بھی کیا، تاہم بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ نہ جیت پانے پر زیادہ تر لوگ سجل علی کے لیے پریشان نظر آئے۔

خیال رہے کہ 20 فروری کو ہونے والے 17 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ ’صبا قمر‘ کو ان کے ڈرامے ’باغی‘ پر دیا گیا۔

جب کہ بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ ’ماہرہ خان‘ کو ان کی فلم ’ورنہ‘ پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب نہیں جاؤں گی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’اوور ایکٹ‘ اداکارہ قرار دیا۔

جب کہ متعدد صارفین نے مہوش حیات کو ان سے بہتر قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کیا کہ انہیں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں بہترین اداکاری دکھانے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نہیں دیا گیا۔

اگرچہ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے مجموعی طور پر 4 ایوارڈ جیتے، تاہم یہ فلم بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لینے میں ناکام رہی۔

اس فلم کو ’بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر، بہترین اداکار اور بہترین معاون اداکارہ‘ کے ایوارڈز دیے گئے۔

فلم میں اداکاری دکھانے والے ہمایوں سعید نے ’بہترین اداکار‘ کا ایوارڈ لیتے وقت مہوش حیات کی اداکاری کی تعریف بھی کی، اور اعتراف کیا کہ مہوش حیات کی وجہ سے ہی وہ فلم میں بہترین اداکاری کرنے کے قابل ہوئے۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پرماہرہ اورجاوید شیخ کے تعلق کوغلط رنگ دینے کی کوشش

ہمایوں سعید کی اس تقریر کی ویڈیو مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں کئی مداحوں نے انہیں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نہ دیے جانے پر دکھ و غصے کا اظہار کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مہوش حیات نے اپنی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو چار ایوارڈ ملنے پر مداحوں اور دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا، تاہم انہوں نے خود کو ایوارڈ نہ ملنے پر کوئی بات نہیں کی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر کئی صارفین سجل علی کو ایوارڈ نہ ملنے پر بھی پریشان دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: لکس ایوارڈز میں بیک وقت 76 موسیقاروں کی پرفارمنس

متعدد صارفین نے لکھا کہ انہیں یہ سن کر مایوسی ہوئی کہ ان کی پسندیدہ اداکارہ سجل علی بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ جیت نہیں پائیں۔

سجل علی کی ایوارڈ تقریب میں اداکار احد رضا میر کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر کو بھی صارفین نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں بہترین اور پسندیدہ جوڑی قرار دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں