لاہور: بھارت کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما کی طرف سے پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے والی ٹیم پشاور زلمی کی سپورٹ کرنے پر بھارت میں ان پر شدید تنقید ہورہی ہے اور کچھ لوگوں نے تو انہیں ملک سے بغاوت کرنے کی سند بھی عطا کردی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما پاکستان کیلئے سافٹ کارنر رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 میں پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے جب کپل کو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مدعو کیا تو کپل انکار نہ کرسکے اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے وہ پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے اور پشاور زلمی کو پروموٹ کرنے کیلئے ان دنوں دبئی میں موجود ہیں۔

کپل شرما کی جانب سے پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے پر جہاں پاکستانی شائقین نے انہیں خوب داد دی وہیں دوسری جانب بھارت میں اس اقدام پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کپل شرما کی پی ایس ایل 3 میں شرکت بھارتی میڈیا کو سخت ناگوار گزررہی ہے یہاں تک کہ انہوں نے کپل کی حب الوطنی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیے ہیں۔

اس سلسلے میں ہندو انتہا پسند جماعتیں بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں اور شیو سینا کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر نونرمن سینا نے انہیں 'بھارتی وقار کو مجروح' کرنے کا مرتکب قرار دیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق کپل شرما نے بھارتی وقار کا تمسخر اڑایا، وہ صرف پیسہ کمانا چاہتے ہیں اور ملک کی کوئی پروا نہیں۔ ہم پاکستان سپر لیگ میں کپل کے پرفارم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

مہاراشٹر نونرمن سینا کے ترجمان امے کھوپکر نے بھی کپل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب وہ مزاحیہ اداکار کے فین نہیں رہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی ہے لیکن وہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے چلے گئے۔ میں ان کا فین تھا لیکن اس قصے کے بعد نہیں رہا اور عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ بھی ایسا ہی کریں۔

ان دونوں انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ بھارتی عوام نے بھی سوشل میڈیا پر کپل شرما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حب الوطنی کا سبق پڑھایا۔

‘دوسری جانب کپل شرما پی ایس ایل3 میں شرکت کرنے پر بے حد خوش ہیں اور پشاور زلمی کو دل سے سپورٹ کررہے ہیں اور انتہا پسند تنظیموں کی مخالفت کے باوجود گزشتہ روز اداکار انیل کپور کے چھوٹے بھائی سنجے کپور بھی پی ایس ایل 3 کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے اور لیگ کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور زلمی کی ٹیم کی سپورٹ میں یہاں آئے ہیں۔

اس تنازع سے قطع نظر کپل شرما کی سپورٹ بھی پشاور زلمی کے کام نہ آسکی اور اسے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے ہی میچ میں ملتان سلطان کے ہاتھوں سات وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں