نئی دہلی: بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کابل میں ہونے والی کابل کانفرنس میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے کی اپنی پاکستانی ہم منصب تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات متوقع ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ وجے گوکھلے بدھ کو کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس میں 25 ممالک کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔

تاہم اخبار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ طور پر سیکریٹری خارجہ کے درمیان براہ راست ملاقات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو یہ دسمبر 2017 کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی ملاقات ہوگی۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان اور بھارت کے درمیان ریاست کی سطح پر تعلقات ہیں‘

خیال رہے کہ دسمبر 2017 میں بینکوک میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔

بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ کابل کانفرنس میں اہم سفارتکاروں کی متوقع ملاقات جموں اینڈ کشمیر کے علاقے سنجوان میں آرمی کیمپ پر ہونے والے حالیہ حملے کے پس منظر میں ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جموں اینڈ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ ہوا تھا، جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا اور اس میں 5 فوجی اہلکاروں اور ایک شہری کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

اس حملے کے بعد بھارتی کی وزیر دفاع نرملا ستھرامان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس حملے کی قیمت چکانا پڑے گی، ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اس حملے میں 3 جیش محمد کے عسکریت پسند ملوث ہیں جنہیں پاکستان میں موجود ہینڈلرز کنٹرول کر رہے تھے۔

کابل میں ہونے والے اس عمل میں افغان حکومت کی جانب سے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر جنگ زدہ افغانستان میں دیرپا امن اور طالبان کے ساتھ مشغول رہنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھارتی سیکریٹری خارجہ نے دوکلام میں گزشتہ برس ہونے والی کشیدگی کے بعد چین کا تنہا دورہ کیا تھا اور گزشتہ ہفتے وجے گوکھلے خاموشی سے بیجنگ بھی گئے تھے۔

اس بارے میں ایک اور بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا تھا کہ اس دوروں کے دوران دونوں ممالک کے وزراء خارجہ اور دیگر حکام کے درمیان تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں ممالک آئندہ برسوں میں روڈمیپ پر راضی بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی تو اسی کی زبان میں جواب دیں گے، پاکستان

بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے چین اور بھارت کے درمیان نریندر مودی کے آنے کے بعد حالیہ ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا رواں برس جون میں چین کے شہر چنگ ڈاؤ کا دورہ کرنے کا امکان ہے، جہاں وہ شہنگائی تعاون تنظیم کے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں