نوشہرہ کے علاقے بدرشی رحیم آباد میں ملزم نے باپ بیٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خو دپر فائرنگ کرکے خود کشی کرلی۔

ملزم زبردستی انیس سالہ لڑکی کواپنے ساتھ کراچی لے جانا چاہتا تھا لڑکی کے انکار پر ملزم نے پہلے اس کی باپ اور بعدازاں لڑکی کو قتل کردیا اورپھر خود پر بھی فائرنگ کرکے خود کشی کرلی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق کرک حال بدرشی کے رہائشی مقتولہ لڑکی کے بھائی واصف نواز نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ گھر سے باہر خالہ کے گھر میں تھے کہ انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جب گھر پہنچے تو 45 سالہ ملزم عمر رحیم نے پہلے میرے والد حسن نواز پر فائرنگ کی اور پھر ان کی انیس سالہ بہن سدرۃ المنتحہ پر بھی فائرنگ کردی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے دونوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خود پر بھی گولیاں چلائیں تھیں۔

ملزم کی فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی، اس کے والد اور ملزم تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کوہاٹ میں رشتے سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ قتل

واصف نواز کا کہنا تھا کہ ان کی ماں نے سدرۃ المنتحہ کا رشتہ دس سال کی عمر میں ملزم عمر رحیم کے ساتھ کیا تھا جس کے بعد ملزم ان کی بہن کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں ان کی بہن ملزم سے بھاگ کر واپس آگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم عمررحیم ان کی مقتول لڑکی کے ساتھ ساتھ بہت ظلم کرتا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم عمررحیم نے ان کی والدہ زکیہ بی بی کو بھی قتل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عمر رحیم دو بجے کراچی سے یہاں پہنچا اور سیدھا ہمارے گھر آیا اور میری بہن کو زبردستی لے جانا چاہا تھا۔

مقتول سدرۃالمنتحہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ ان کی بہن کے انکار کرنے پر ملزم نے ان کی بہن اور والد پرفائرنگ کرکے ان کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رہنے والے ملزم عمر رحیم ایک خطرناک ملزم تھا اور کئی جرائم میں ملوث تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شادی سے انکار پر لڑکی کا قتل: اہلخانہ انصاف کے منتظر

نوشہرہ کینٹ پولیس نے مقتول حسن نوا ز اور سدرۃالمنتحہ کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردیں جبکہ عمر رحیم کی لاش اب بھی مردہ خانے میں پڑی ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دو روز قبل رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی طالبہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

ایس ایچ او کے ڈی اے تھانہ گل جانان کے مطابق ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی تھرڈ ائیر کی طالبہ عاصمہ چھٹیوں پر کوہاٹ آئی تھی جہاں انھیں 27 جنوری کو اس وقت گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بھابھی کے ساتھ رکشہ میں گھر پہنچی۔

تبصرے (0) بند ہیں