شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ اور عمر گل کی چھ وکٹیں بھی ملتان سلطانز کو فتح دلانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کر لی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اتار چڑھاؤ سے بھرپور اس میچ میں ملتان سلطانز کی اننگز کی کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر کمار سنگاکارا پویلین لوٹ گئے جبکہ احمد شہزاد بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد انور علی کو وکٹ دے بیٹھے۔

تین رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد صہیب مقصود کا ساتھ نبھانے سہیل تنویر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 38 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو بہتر پوزیشن بمیں پہنچا دیا، سہیل تنویر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صہیب مقصود نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور کپتان شعیب ملک کے ساتھ مل کر اسکور 81 تک پہنچایا لیکن بین لافلن کے خلاف وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں وہ آؤٹ قرار دیے گئے جبکہ روز وائٹلی نے 16 رنز بنائے۔

تاہم کپتان شعیب ملک جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور 43 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز شین واٹسن اور اسد شفیق نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن عمر گل نے باؤلنگ پر آتے ہی میچ کا نقشہ بدل دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے رواں ایڈیشن میں پہلا میچ کھیلنے والے عمر گل نے اپنے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن اور پھر اگلے اوور میں اسد شفیق کو آؤٹ کر کے دونوں اوپنرز کو چلتا کیا۔

کیون پیٹرسن کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور وہ شعیب ملک کی ایک گیند کو ریورس سوئپ کھیلنے کی پاداش میں ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

62 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد رلی روسو اور رمیز راجہ وکٹ پر یکجا ہوئے اور ٹیم کے اسکور کو 90 تک پہنچا دیا لیکن عمران طاہر نے ان کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلا دی۔

کپتان سرفراز احمد اور رلی روسو نے اسکور کو 114 تک پہنچایا ہی تھا کہ عمر گل کی ایک مرتبہ پھر باؤلنگ پر آمد ہوئی اور انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کو ایک ہی اوور میں چلتا کر کے اپنی ٹیم کی جیت کے امکانات روشن کر دیے۔

میچ کے آخری دو اوور میں گلیڈی ایٹرز کو فتح کیلئے 22 رنز درکار تھے لیکن انور علی اور پھر محمد نواز نے چھکے لگا کر ابتدائی تین گیندوں پر 13 رنز بٹور کر میچ کا پانسہ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا۔

اس موقع پر عمر نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے محمد نواز اور پھر انور کو چلتا کر کے ملتان سلطانز کو میچ میں فیورٹ بنا دیا۔

میچ کے آخری اوور میں گلیڈی ایٹرز کو فتح کیلئے نو رنز درکار تھے لیکن کیرن پولارڈ 19 سالہ حسان خان کو ہدف تک رسائی سے نہ روک سکے اور انہوں نے اوور کی پانچویں گیند پر ویسٹ انڈین باؤلر کو چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم کے مینٹور اور عظیم کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو سالگرہ کا شاندار تحفہ دیا جو فتح سے محض چند منٹ قبل ہی 66 سال کے ہوئے اور اسی خوشی میں میدان میں کیک بھی کاٹا گیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رلی روسو 27، شین واٹسن 26، رمیز راجہ 22 اور اسد شفیق 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کے عمر گل کومیچ میں 24 رنز کے عوض چھ وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھییں۔

تبصرے (0) بند ہیں