پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 3 میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز جبکہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دبئی کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی فتح حاصل کرنے کی کوشش کرے گی تو وہیں لاہور قلندرز کی ٹیم آج کا میچ جیت کر پی ایس پی میں اپنی پہلی فتح حاصل کرنے کے لیے پر امید ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ، کھیل تو ابھی شروع ہوا ہے!

دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر بات کی جائے تو اسلام آباد نے ایونٹ میں اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 3 میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے بھی اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے تمام میچز میں شکست ہوئی ہے اور وہ بغیر کسی پوائنٹس کے پوائنٹ ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دی تھی۔

اگر دونوں ٹیمیوں کے کھلاڑیوں پر نظر ڈالی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ میں کپتان مصباح الحق، لوک رونکی، جے پی ڈومنی، شاداب خان، آصف علی، صاحبزادہ فرحان، رومان رئیس شامل ہیں تو وہیں لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان برینڈم میکیولم، فخر زمان، عمر اکمل، عامر یامین، سنیل نارائن اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔

پی ایس ایل میں آج ہونے والے دوسرے میچ کی بات کی جائے تو کراچی کنگز اب تک اس ایونٹ میں صرف ایک شکست حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے بھی فتوحات حاصل کرنا شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 3، کون کتنے پانی میں؟

کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں 5 میچز کھیلے ہیں، جس میں سے اسے 3 میں کامیابی اور ایک میں ناکامی ملی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 3 میں فتح اور 3 میں شکست دیکھنی پڑی ہے۔

ٹیموں پر نظر ڈالی جائے تو کراچی کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، شاہد آفریدی، روی بوپارہ، بابر اعظم، خرم منظور، محمد عامر، ٹیل ملز اور عثمان شنواری کی خدمات حاصل ہیں تو دوسری طرف کوئٹہ کی ٹیم بھی کسی سے کم نہیں ہے اور ان کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، حسان خان، رلی روسو، محمد نواز اور انور علی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں