—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پہلے تو بولی وڈ سلطان سلمان خان نے مسٹر پرفیکشنسٹ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو 30 ماہ بعد چین میں ریلیز کیا تھا۔

اب سلو بھائی کی طرح پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی ٹیم نے بھی اسے چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ صبا قمر اور عرفان خان کی فلم چین میں ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ ’ہندی میڈیم‘ کو مئی 2017 میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم نے نہ صرف خوب پیسے بٹورے بلکہ اسے فلمی تنقید نگاروں سے تجزیے بھی اچھے ملے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہندی میڈیم' : والدین، اچھے اسکولز اور انگریزی کی کہانی

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد اب فلم کی ٹیم نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

’ہندی میڈیم 2‘ میں ایک بار پھر عرفان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، تاہم تاحال فلم کی ہیروئن کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’ہندی میڈیم 2‘ میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو عرفان کی بیٹی کا کردار دیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ صبا قمر اور عرفان خان کی فلم ’ہندی میڈیم‘ رواں ماہ 4 اپریل کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کی ’ہندی میڈیم‘ 50 کروڑ کی دوڑ سے آگے
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے ٹوئیٹ میں مزید بتایا کہ یہ رواں برس چین میں ریلیز ہونے والی تیسری بولی وڈ فلم ہوگی۔

خیال رہے کہ رواں برس چین میں پہلی بولی وڈ فلم عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ 19 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی۔

اگرچہ ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ بھارت میں ناکام گئی تھی، تاہم اس نے چین میں عامر خان کی ایک اور بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ کا بھی ریکارڈ توڑتے ہوئے صرف 4 دن میں 200 کروڑ روپے کمائے تھے۔

گزشتہ برس چین میں ریلیز کی گئی عامر خان کی فلم ’دنگل‘ نے اگرچہ وہاں سے 1200 کروڑ روپے بٹورے تھے، تاہم وہ فلم 4 دن میں 200 کروڑ روپے کمانے میں ناکام گئی تھی۔

رواں برس چین میں بولی وڈ کی دوسری فلم سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ 2 مارچ کو ریلیز کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہندی میڈیم‘ میں سارہ علی خان کاسٹ، صبا قمر آؤٹ؟

’بجرنگی بھائی جان‘ نے بھی پہلے دن کی کمائی میں عامر خان کی ’دنگل‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 18 کروڑ روپے کمائے تھے۔

بولی وڈ فلموں کی بھارت سے زیادہ چین میں کامیابی اور کمائی کے بعد ’ہندی میڈیم‘ کی ٹیم نے بھی اسے وہاں ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ’ہندی میڈیم‘ بھی عامر اور سلمان خان کی فلموں جتنی کمائی کرنے میں کامیاب جاتی ہے یا نہیں؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں