ہیواوے کے نئے فلیگ شپ فونز کیسے ہوں گے؟

08 مارچ 2018
— فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
— فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

چینی کمپنی ہیواوے رواں ماہ کے آخر میں اپنے نئے فلیگ شپ فون پی 20 (اس سیریز کے 3 فون) متعارف کرانے والی ہے مگر اب نئی لیک سامنے آنے کے بعد اب ان ڈیوائسز کے بارے میں لگتا ہے کہ سب معلومات قبل ازوقت ہی سامنے آگئی ہیں۔

ٹوئٹر پر مختلف کمپنیوں کے نئے اسمارٹ فونز کی تصاویر اور تفصیلات لیک کرنے والے ایون بلاس نے پی 20، پی 20 لائٹ اور پی 20 پرو کی آگے پیچھے کی تصاویر لیک کی ہیں۔

ان تینوں ڈیوائسز میں چینی کمپنی نے بیزل بہت کم رکھیں بلکہ صرف نیچے ہی بیزل نمایاں ہے جبکہ اوپری حصے میں آئی فون ایکس (10) جیسا نوچ میں سیلفی کیمرہ اور سنسرز دیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا تین بیک کیمروں والا اسمارٹ فون

ان لیک تصاویر سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ بنیادی ڈیزائن سے ہٹ کر یہ تینوں فونز ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں۔

جیسے پی 20 اور پی 20 پرو دونوں میں فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے نیچے ایک بٹن میں نظر آرہا ہے جبکہ پی 20 لائٹ میں یہ سنسر بیک پر موجود ہے۔

اسی طرح تینوں فونز میں کیمرے بھی الگ نظر آتے ہیں۔

پی 20 میں بیک پر لائیسا برانڈڈ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ نظر آتا ہے جیسا گزشتہ سال کے پی 10 میں بھی تھا۔

پی 20 لائٹ میں بھی ڈوئل رئیر کیمرہ موجود ہے مگر لائیسا برانڈ نظر نہیں آتا۔

تاہم سب سے دلچسپ پی 20 پرو ہے جس کے بیک پر لائیسا برانڈڈ 3 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ کی افواہ تو پہلے بھی سامنے آئی تھی جس کا اشارہ ہیواوے نے اپنے پرومو کلپ میں بھی دیا تھا مگر اس بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : پہلی بار اسمارٹ فون سے گاڑی چلانے کا کامیاب تجربہ

مگر ان لیک تصاویر سے واضح ہے کہ پی 20 پرو میں اوپری ڈوئل کیمرہ اکھٹے مل کر کام کرتے ہیں جیسے پی 10 کے کیمرے کرتے ہیں، یعنی ایک سنسر مونوکروم فوٹو لیتا ہے جبکہ دوسرا کلر فوٹوز، جس کے بعد دونوں تصاویر آپس میں مل کر ایک زیادہ تفصیلی تصویر کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔

مگر اس نئے فون میں تیسرا کیمرہ ممکنہ طور پر آپٹیکل زوم کو بڑھانے کے لیے ہے جیسا آئی فون ایکس اور آئی فون 8 پلس میں ہے یا ایل جی وی 30 کی طرح وائیڈر اینگل کا کا کرے گا۔

اگر یہ لیک درست ثابت ہوتی ہے تو پی 20 سیریز کافی دلچسپ ثابت ہوگی خصوصاً پرو ماڈل، کیونکہ اب تک کسی بھی فون میں 3 کیمرے نہیں دیئے گئے۔

خیال رہے کہ ہیواوے کی جانب سے یہ فون 27 مارچ کو ایک تقریب کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں