پاکستان سپر لیگ کے 19ویں میچ میں شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 67 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز شین واٹسن اور اسد شفیق نے اپنی ٹیم کو 60 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا خصوصاً واٹسن کا انداز جارحانہ تھا جنہوں نے عماد وسیم کے ایک اوور میں تین چھکے لگائے۔

اس شراکت کا خاتمہ شاہد آفریدی نے اسد شفیق کو آؤٹ کر کے کیا جنہوں نے 16 رنز بنائے۔

اس کے بعد واٹسن کا ساتھ دینے پیٹرسن آئے اور دونوں نے اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کراچی کنگز کے باؤلرز کی خوب خبر لی اور دوسری وکٹ کیلئے 86 رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

پیٹرسن 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 7چوکوں کی مدد سے 52 رن بنانے کے بعد عثمان شنواری کی وکٹ بنے۔

تاہم شین واٹسن نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 58 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 90 رنز کی اننگز کھیل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو رواں سال پی ایس ایل کے سب سے بڑے مجموعے تک رسائی دلائی۔

گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز تباہ تھا اور دونوں اوپنرز جو ڈینلی اور شاہد آفریدی دو کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ ٹیم کی مشکلات اس وقت دوچند ہو گئیں جب کولن انگرام بھی صرف پانچ رنز بنا کر پویلین کو رخصت ہوئے۔

اس موقع پر ٹیم کی امیدوں کا محور تجربہ کار روی بوپارہ تھے لیکن بین لافلن نے پہلی گیند پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر کے کراچی کنگز کو چوتھا نقصان پہنچایا۔

کراچی کنگز کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی اس وقت دم توڑ گئیں جب بابر اعظم 32 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

55 رنز پر آدھیم ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان عماد وسیم کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 34 رنز جوڑ کر ٹیم کے کچھ آنسو پونچھنے کی کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔

عماد وسیم نے 35 اور رضوان نے رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی کراچی کو ایونٹ کی سب سے بڑی شکست سے نہ بچا سکے اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی اور کوئٹہ نے 67 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں