دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر افغانستانی وکٹ کیپر محمد شہزاد پر 2 میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔

زمبابوے میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے میچ میں افغان بلے باز محمد شہزاد نے کیچ آؤٹ ہونے کے بعد ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی قوانین کے برخلاف زور سے اپنا بیٹ پچ پر مارا جس سے وکٹ خراب ہوئی۔

گراؤنڈ میں موجود دونوں امپائرز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی سی سی میچ ریفری کو شکایت کی جنہوں نے شہزاد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر 2 میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔

یاد رہے کہ شہزاد نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی جس کی وجہ سے انہیں پوری میچ فیس سے محروم ہونا پڑا تھا اور انہیں تین ڈی میرٹ پوائنٹس بھی ملے تھے۔

واضح رہے کہ 24 ماہ کے دوران چار ڈی میرٹ پوائنٹس ملنے کی وجہ سے شہزاد کو ان میچز کیلئے معطل کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں