لاہور: سائبر کرائم ایکٹ کے تحت عدالت نے پہلا فیصلہ سناتے ہوئے لڑکیوں کو سوشل میڈیا پر تنگ کرنے والے مجرم کو سزا سنادی۔

سائبر کرائم ایکٹ کے تحت پہلا فیصلہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے خصوصی مجسٹریٹ امتیاز احمد نے سنایا۔

عدالت نے مجرم عثمان بن مسعود کو 6 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

مجرم عثمان پر الزام ہے کہ اس نے لڑکیوں کے فیس بک پر برہنہ تصاویر لگا کر انہیں بلیک میل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: سائبر کرائم بل

خیال رہے کہ مجرم عثمان کو 2017 میں ائیر فورس کے آفیسر رائس احمد کی اہلیہ کو بلیک کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

9 جنوری 2018 کو ایف آئی اے صوبہ سندھ کے سائبر کرائم برانچ کے مطابق صوبے میں سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل اور بدنام کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

20 اگست 2017 کو صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں خاتون سے گینگ ریپ کے دوران بنائی گئی ویڈیو کے ذریعے اسے متعدد مرتبہ ریپ کے لیے بلیک میل کرنے والے 3 ملزمان کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔

26 مارچ 2017 کو ایف آئی اے نے پہلی مرتبہ سائبر کرائم قانون کے تحت ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا، خاتون پر الزام تھا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک مقیم ایک شخص کو بلیک میل کرنے میں ملوث ہیں۔

30 مارچ 2017 کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے ایک خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 2 طلبہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

متنازع سائبر کرائم بل—کیا کیا ہوا؟

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے اپریل 2015 میں متنازع انسداد الیکٹرونک کرائم ایکٹ 2015 کی منظوری دے کر بل کو جون 2015 میں قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

بعدازاں رواں برس 13 اپریل کو قومی اسمبلی نے مذکورہ بل منظور کیا، تاہم بل کو قانونی شکل دینے کے لیے سینیٹ سے اس کی منظوری ضروری تھی۔

تاہم یاد رہے کہ اس بل کی منظوری انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) انڈسٹری اور سول سوسائٹی کی مخالفت اور اس پر تحفظات کو دور کیے بغیر دی گئی تھی۔ بل کے مخالفین کا کہنا تھا کہ مذکورہ قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بے جا اختیارات دینے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون سائبر بلیک میلنگ کے خلاف ڈٹ گئیں، ملزم کو سزا

آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں نے زور دیا تھا کہ مذکورہ بل ان کی تجارت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

جس کے بعد اپوزیشن اراکین کی مخالفت اور آئی ٹی انڈسٹری کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اسے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو بھیج دیا گیا تھا، جہاں 26 جولائی کو اس کی منظوری دی گئی۔

بعدازاں گذشتہ ماہ 29 جولائی کو سینیٹ نے متنازع سائبر کرائم بل اپوزیشن کی 50 ترامیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کیا تھا، جسے پھر قومی اسمبلی بھیجا گیا، جہاں اسے منظور کرلیا گیا، بعد ازاں صدر کے دستخط کے بعد اسے قانون کا حصہ بنا دیا گیا۔

سائبر کرائم بل کے چیدہ چیدہ نکات

  1. سائبر کرائم کی تحقیقات کے لیے ہائیکورٹ کی مشاورت سے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جن کے فیصلے کے خلاف 30 دن میں ہائیکورٹ میں اپیل ہوسکے گی۔

  2. سائبر دہشت گردی پر 14سال قید اور 5 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔

  3. نفرت انگیز تقریر، فرقہ واریت پھیلانے اور مذہبی منافرت پر 7 سال سزا ہوگی۔

  4. دھوکہ دہی پر 3سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

  5. بچوں کی غیر اخلاقی تصاویر شائع کرنے یا اپ لوڈ کرنے پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

  6. انٹرنیٹ کے ذریعے دہشت گردوں کی فنڈنگ کرنے پر 7 سال سزا ہوگی۔

  7. انٹرنیٹ ڈیٹا کے غلط استعمال پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

  8. موبائل فون کی ٹیمپرنگ پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

  9. موبائل فون سموں کی غیر قانونی فروخت پر 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

  10. انٹرنیٹ مہیا کرنے والوں کا ڈیٹا عدالتی حکم کے بغیر شیئر نہیں کیا جائے گا۔

  11. سائبرکرائم قانون کا اطلاق پاکستان سے باہر کسی بھی دوسرے ملک میں بیٹھ کر خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر بھی ہوگا۔

  12. پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے لائسنس ہولڈر کے خلاف کارروائی پی ٹی اے قانون کے مطابق ہوگی۔

  13. سائبر کرائم قانون کا اطلاق پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا پر نہیں ہوگا، جبکہ پیمرا لائسنس کے حامل ٹی وی اور ریڈیو چینلز اس بل کے دائرہ کار میں نہیں آئیں گے۔

  14. عالمی سطح پرمعلومات کے تبادلے کے لیے عدالت سے اجازت لی جائی گی اور دوسرے ممالک سے تعاون بھی طلب کیا جاسکے گا۔

  15. سیکیورٹی ایجنسیز کی مداخلت کی روک تھام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

  16. بل میں 21 جرائم کی وضاحت کی گئی ہے، جن پر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی 30 دفعات لاگو ہوسکیں گی۔

  17. متعلقہ حکام اس بل پر عملدرآمد کے حوالے سے سال میں 2 مرتبہ پارلیمنٹ میں رپورٹ پیش کریں گے۔

سائبر کرائم بل کیا ہے؟

انسداد الیکٹرانک کرائم بل میں کمپیوٹر اورانٹرنیٹ کے ذریعے کیے جانے والے جرائم کی روک تھام پرسزاؤں کا تعین کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اسلامی اقدار، قومی تشخص، ملکی سیکیورٹی اور دفاع کے خلاف مواد بند کرنے کی پابند ہوگی۔

سائبر کرائم کی ایک عام تعریف یہ بیان کی جاتی ہے کہ ہر ایسی سرگرمی جس میں کمپیوٹرز یا نیٹ ورکس کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کسی کو ہدف بنایا جائے یا مجرمانہ سرگرمیاں کی جائیں یا انہیں مخصوص فریقین کی جانب سے خلاف قانون سمجھا جائے۔

مزید پڑھیں: سائبر کرائم : آپ کو کیا معلوم ہونا چاہیے

عام فہم انداز میں بات کی جائے تو مختلف سطحوں پر سائبر کرائمز میں لوگوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی، ہیکنگ، سوشل نیٹ ورکس میں استحصال، معلومات انفراسٹرکچر پر سائبر حملے، سائبر دہشت گردی، مجرمانہ رسائی، فحش پیغامات، ای میلز، دھمکی آمیز پیغامات و ای میلز، ڈیٹا تک غیرقانونی رسائی وغیرہ شامل ہیں۔

پاکستان میں سائبر کرائمز کی روک تھام کے حوالے سے الیکٹرونک ٹرانزیکشن آرڈنینس 2002 اور پاکستانی ٹیلی کمیونیکشن ری آرگنائزیشن ایکٹ 1996 جیسے قوانین نافذ ہیں، جبکہ 2009 میں پریوینٹیشن آف الیکٹرونک کرائمز آرڈیننس بھی سامنے آیا مگر یہ ابھی تک فعال نہیں ہوسکے۔

ان قوانین کے تحت ہیکنگ، غیر قانونی رسائی (کسی ای میل اکاﺅنٹ کی ہیکنگ)، مداخلت، پرائیویسی کی خلاف ورزی، الیکٹرونک و ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے اور گرے ٹریفک سمیت دیگر کو اہم جرائم قرار دیا گیا ہے، تاہم ان میں کئی اہم سائبر کرائمز کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں