زلمی ناکام، یونائیٹڈ پانچویں فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2018
جین پال ڈومینی نے 54 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 73رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جین پال ڈومینی نے 54 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 73رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اسپنرز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

رونچی وہاب ریاض کو لگاتار تین چوکے لگانے کے بعد چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔

جین پال ڈومینی کا ساتھ دینے حسین طلعت آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، حسین طلعت 29رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک گیند بعد تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شاداب خان وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈومینی کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 34 گیندوں پر 71 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بڑے مجموعے تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آصف علی 24 گیندوں چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا جو ان کا اب تک پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر ڈومینی نے 54 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 73رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے واحد کامیاب باؤلر وہاب ریاض رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن سمیت پٹیل نے باؤلنگ پر آتے ہی کامران اکمل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

فلیچر اور ڈیوین اسمتھ نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن سمیت پٹیل نے دونوں کھلاڑیوں کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے زلمی کی ہدف کی جانب پیش قدمی روک دی۔

محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے اسکور 75 تک پہنچایا لیکن شاداب خان کو چھکا لگانے کی کوشش میں خوشدل باؤندری پر کیچ ہوئے۔

تاہم پشاور زلمی کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ظفر گوہر نے اپنے پہلے ہی اوور میں لیام ڈاسن اور ڈیرن سیمی کو بولڈ کر کے زلمی کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدیں ختم کردیں۔

سمیت پٹیل نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اسپیل کی آخری گیند پر حسن علی کو آؤٹ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی جبکہ محمد حفیظ بھی ظفر گوہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

92 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کی سنچری بھی مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن اس مرحلے پر وہاب ریاض اور عمید آصف حریف باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نویں وکٹ کیلئے 55 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلاتے ہوئے بڑی خفت سے بچا لیا۔

وہاب ریاض کے 33 رنز کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور یونائیٹڈ نے 26 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

اسلام آباد کی جانب سے سمیت پٹیل نے چار اور ظفر گوہر نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاندار بیٹنگ پر ڈومینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایونٹ میں پانچویں کامیابی ہے جس کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں