ہیواوے نے اپنا نیا اسمارٹ فون وائی 9 (2018) متعارف کرا دیا ہے اور پہلی بار اس سیریز میں 18:9 ریشو ڈسپلے اور 4 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

یہ فون تھائی لینڈ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور دیکھنے میں حال ہی میں سامنے آنے والے اس کمپنی کے دیگر فونز بشمول آنر 9 آئی اور ویو 10 سے ملتا جلتا ہے۔

میٹل یونی باڈی ڈیزائن اور بیک پر فنگر پرنٹ اسکینر کے ساتھ وائی 9 اس کمپنی کا درمیانے درجے کا فون قرار دیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : ہیواوے دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بن گئی

5.93 انچ کے ایف ایچ ڈی پلس ڈسپلے والے اس فون میں ہیواوے کا اپنا کیرین 659 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تاہم فون کی خاص بات فرنٹ اور بیک، دونوں جگہ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہونا ہے۔

بیک پر 13 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

کیمروں سے ہٹ کر ایک اور خاص چیز اس کی طاقتور 4000 ایم اے ایچ بیٹری ہے جبکہ اینڈرائیڈ اوریو 8.0 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

اس کی قیمت 200 یورو (27 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہیواوے کی جانب سے رواں ماہ کے آخر میں فلیگ شپ پی سیریز کے 3 نئے فونز پی 20، پی 20 پرو اور پی 20 لائٹ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے کے نئے فلیگ شپ فونز کیسے ہوں گے؟

ان تینوں میں سے پی 20 پرو میں بیک پر 3 کیمرے دیئے جانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں اور اس قسم کے کیمرہ سیٹ اپ والا پہلا فون بھی ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں