پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس‘ سے نواز دیا گیا۔

پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔

دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ کو چیف آف جنرل اسٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز نے ریاض میں منعقد کی گئی پروقار تقریب میں ’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس‘ تفویض کیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاد الرُویلی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کو ترک فوجی اعزاز ’لیجن آف میرٹ‘ سے نواز دیا گیا

جنرل فیاد الرویلی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور مضبوط دفاعی بنیادوں پر قائم دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار اور کارکردگی کو سراہا۔

— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ
— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

بعد ازاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی ریاض میں واقع رائل سعودی نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز پہنچے، جہاں رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ نے آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا اور سعودی بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔

سربراہ پاک بحریہ نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد عبداللہ الغوفیلی سے ملاقات کی، جس دوران نیول چیف نے باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دو طرفہ بحری تعاون اور بحرِ ہند کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ نے پاک بحریہ کے افسران و سیلرز کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور خطے کے استحکام اور میری ٹائم سیکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے سرگرم اور بھرپور کردار کو سراہا۔

دونوں بحری افواج کے سربراہان نے دونوں ممالک کے درمیان تربیت، خیر سگالی دوروں اور دفاعی تعاون کے مختلف شعبہ جات میں مزید مضبوطی کے لیے قوی اُمید کا اظہار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں