عامر خان نے چین میں اپنی مقبولیت کا راز بتادیا

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2018
عامر خان بیجنگ میں دنگل کی اسکریننگ کے موقع پر—فوٹو: ٹوئٹر
عامر خان بیجنگ میں دنگل کی اسکریننگ کے موقع پر—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ میں فلموں کی کامیابی اور کمائی کے لیے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا نام ہی کافی سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ گزشتہ کئی سال سے ان کی فلمیں کمائی میں سے آگے ہیں۔

مگر آخری چند سال میں عامر خان کے فلموں کی کمائی بھارت سے زیادہ پڑوسی ملک چین میں ہو رہی ہے، جس وجہ سے ان کی دیکھا دیکھی کئی اداکار اپنی فلموں کو وہاں ریلیز کر رہے ہیں۔

عامر خان کے بعد اب سلمان خان نے بھی چین میں اپنی پہلی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو ریلیز کردیا اور اطلاعات ہیں کہ آئندہ ماہ اپریل میں عرفان خان کی فلم ’ہندی میڈیم‘ بھی چین میں پیش کی جائے گی۔

عامر خان کی فلموں کی کمائی کو دیکھتے ہوئے سب فلم سازوں کو لگ رہا ہے کہ وہ چین میں مسٹر پرفیکشنسٹ کی طرح کروڑوں روپے کمانے میں کامیاب جائیں گے، لیکن دوسرے فلم ساز کتنے کامیاب ہوتے ہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

تاہم عامر خان نے چین میں اپنی مقبولیت کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ ہندوستان سے زیادہ وہاں کیوں مقبول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’دنگل‘ چین میں اتنی کامیاب کیوں ہوئی؟
عامر خان چین میں دنگل کی تشہیر کے دوران فلم کی پینٹنگ بناتے ہوئے—فوٹو: پنک ولا
عامر خان چین میں دنگل کی تشہیر کے دوران فلم کی پینٹنگ بناتے ہوئے—فوٹو: پنک ولا

پنک ولا کے مطابق عامر خان چین میں اپنی مقبولیت کو اتفاقی قرار دیتے ہیں۔

تاہم عامر خان اس بات سے بھی اتفاق کرتے ہیں کہ حال ہی میں ان کی ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی مقبولیت اتفاقی نہیں تھی، بلکہ یہ فلمیں اس لیے وہاں بھارت سے زیادہ کامیاب ہوئیں کیوں کہ چین کے لوگ انہیں پہلے سے جانتے تھے۔

عامر خان کے مطابق ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی کامیابی کا کریڈٹ 2009 میں چین میں ریلیز کی گئی ان کی ’تھری ایڈیئٹس‘ کو جاتا ہے، جس سے وہاں کے لوگ ان سے آشنا ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ ’تھری ایڈیئٹس‘ تعلیمی نظام کے موضوع پر بنائی گئی تھی، اس وجہ سے چین کے لوگ انہیں جلد ہی جان گئے اور جب ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ وہاں ریلیز ہوئیں تو وہاں کے لوگ پہلے سے ہی مجھے جانتے تھے۔

مسٹر پرفیکشنسٹ اگرچہ چین میں اپنی کامیابی کو اتفاقی قرار دیتے ہیں تاہم وہ اس بات کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ کسی اداکار کا چین اور بھارت میں مقبول ہونے کا مطلب ہوتا ہے کہ دنیا کے 3 ارب لوگ اسے جانتے ہیں۔

عامر خان چینی مداح کے ساتھ—فوٹو: سوشل امیج
عامر خان چینی مداح کے ساتھ—فوٹو: سوشل امیج

مزید پڑھیں: سیکریٹ سپر اسٹار نے چین میں دنگل کا ریکارڈ توڑ دیا

عامر خان نے چین اور بھارت کو بہت بڑی مارکیٹیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ممالک کی آبادی پورے یورپ اور امریکا سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

ساتھ ہی مسٹر پرفیکشنسٹ نے بھارت کے مقابلے چین کو فلموں کی کمائی کے حوالے سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں صرف 5 ہزار سینما گھر موجود ہیں، جب کہ چین میں 45 ہزار ہاؤسز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ چین میں ریلیز ہوئی تو اسے وہاں کی 11 ہزار سینما کی زینت بنایا گیا، جس وجہ سے وہاں فلم کی کمائی بھی زیادہ ہوئی۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے چین میں کامیابی کے لیے کوئی فارمولا بتائے بغیر کہا کہ بھارت اور چین میں کامیابی کا مقابلہ پوری دنیا میں کامیابی سے نہیں کیا جاسکتا، کیوں کہ دونوں ممالک بہت ہی بڑی مارکیٹیں ہیں۔

عامر خان اور جیکی چن 2015 میں چین میں ’پی کے‘ کے پریمیئر کے موقع پر—فوٹو: انڈین ایکسپریس
عامر خان اور جیکی چن 2015 میں چین میں ’پی کے‘ کے پریمیئر کے موقع پر—فوٹو: انڈین ایکسپریس

یہ بھی پڑھیں: بجرنگی بھائی جان کا بھی چین میں ریکارڈ

خیال رہے کہ چین میں عامر خان کی فلمیں 2009 سے نمائش کے لیے پیش ہوتی آ رہی ہیں، وہاں پیش کی گئی فلموں کو چینی زبان میں ڈبنگ کرکے ریلیز کیا جاتا ہے۔

عامر خان کی ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ نے چین میں بھارت سے بھی زیادہ کمائی کی تھی، جب کہ سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ نے بھی ابتدائی ایک ہفتے میں 200 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے تھے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اپریل میں ریلیز ہونے والی ’ہندی میڈیم‘ چین میں کتنی کمائی کرتی ہے اور آنے والے دنوں میں دیگر بولی وڈ فلمیں وہاں کتنی کامیاب ہوتی ہیں۔

فلم کی تشہیر کے لیے عامر خان چین میں تقریبات بھی منعقد کرتے ہیں—فوٹو: ہنڈیلی ڈاٹ کام
فلم کی تشہیر کے لیے عامر خان چین میں تقریبات بھی منعقد کرتے ہیں—فوٹو: ہنڈیلی ڈاٹ کام

تبصرے (0) بند ہیں