گجرات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں عمران خان کی تقریر کے دوران جوتا اچھال دیا گیا جو ان کے برابر میں کھڑے علیم خان کو لگا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے گجرات کے علاقے جی ٹی ایس چوک پر رکن سازی جلسہ کیا جارہا تھا جہاں عمران خان اور علیم خان کارکنوں کے ساتھ گاڑی کی چھت پر کھڑے تھے۔

عمران خان کارکنوں سے خطاب کررہے تھے کہ مجمعے سے جوتا اچھال دیا گیا جو ان کے برابر میں کھڑے علیم خان کے سینے پر جا لگا جس کے ساتھ ہی عمران خان نے تقریر ختم کی اور دونوں رہنما گاڑی کی چھت سے نیچے اتر گئے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں ایک تقریب کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف پر بھی جوتا اچھالا گیا تھا جس کے بعد ملزم کو کارکنوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

بعد ازاں دیگر دو ملزمان سمیت تین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

عمران خان اور شیخ رشید سمیت تمام رہنماؤں کی جانب سے اس واقعے کی مذمت کی گئی تھی۔

قبل ازیں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف پر ایک تقریب کے دوران ایک شخص نے سیاہی پھینک دی تھی تاہم انھوں نے ملزم کو معاف کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں