سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو ان کا ملک اس کی پیروی کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی ٹی وی کے پروگرام کو انٹرویو کے دوران 32 سالہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’سعودی عرب کوئی ایٹمی بم حاصل کرنا نہیں چاہتا لیکن میں بغیر کسی شک و شبہ کے یہ بات کرنا چاہتا ہوں کہ اگر ایران جوہری بم بناتا ہے تو ہم جلد از جلد اس کی پیروی کریں گے۔‘

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ’نیا ہٹلر‘ قرار دیا کیونکہ ان کے مطابق وہ ایران کے جوہری پروگرام کو پھیلانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کو جوہری ہتھیار دینے کا امکان مسترد

سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ’آیت اللہ خامنہ ای مشرق وسطیٰ میں اپنا منصوبہ تخلیق کرنا چاہتے ہیں جیسا کہ ہٹلر اس وقت چاہتا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت جو کچھ ہوا اس سے قبل یورپ اور دنیا کے کئی ممالک کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ ہٹلر کتنا خطرناک ہے، اس لیے میں مشرق وسطیٰ میں ایسا کچھ ہوتا دیکھنا نہیں چاہتا۔‘

یہ انٹرویو شہزادہ محمد بن سلمان کی وائٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے دو روز قبل امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کے پروگرام ’سِکسٹی منٹ‘ میں اتوار کے روز نشر ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں