سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فونز ایس 9 اور ایس 9 پلس جمعہ (15 مارچ) کو مختلف ممالک میں صارفین کو دستیاب ہوں گے اور لوگ اسے خریدنے کے لیے کافی پرجوش بھی ہیں۔

یہ نیا فون گزشتہ سال کے ایس 8 جیسے ڈیزائن کے ساتھ ہی ہے تاہم اس کے ہارڈوئیر اور سافٹ وئیر کو نمایاں حد تک بہتر کیا گیا ہے یعنی پہلے سے زیادہ تیز پراسیسر بلکہ پہلی بار ایس سیریز کے کسی فون میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے جو کہ ڈی ایس ایل آر جیسی تفصیلی تصویر لینے میں مدد دے سکتا ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کے 2 نئے فلیگ شپ فون ایس نائن اور ایس 9 پلس

ڈوئل کیمرہ سیٹ ایس 9 پلس میں دیا گیا ہے جس کی قیمت کمپنی نے 840 ڈالرز یا 93 ہزار پاکستانی روپے (اکثر ممالک میں یہ قیمت مختلف ہوسکتی ہے) رکھی ہے تاہم ایک ریسرچ کمپنی ٹیک انسائیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کورین کمپنی اس ڈیوائس کا ایک ہینڈ سیٹ 379 ڈالرز (لگ بھگ 42 ہزار پاکستانی روپے) میں تیار کررہی ہے۔

تاہم یہ لاگت گزشتہ سال کے ایس 8 پلس کے مقابلے میں زیادہ ہے جو کہ 343 ڈالرز تھی جس کی وجہ نئے فون میں زیادہ ایڈوانس کیمرہ سسٹم اور ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہونا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت ایپل، سام سنگ، گوگل اور دیگر اسمارٹ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کے درمیان کیمروں کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کی جنگ جاری ہے تاکہ صارفین کو اپنی ڈیوائسز کی جانب متوجہ کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس پاکستان میں دستیاب

نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سام سنگ نے نوٹ 8 کے بہترین کارکردگی والے 12 میگا پکسل کے ساتھ ایس 8 پلس کے 12 میگا پکسل کو جوڑ کر ایس 9 پلس کا کیمرہ موڈیول بنایا ہے اور یہ پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہوچکا ہے، جبکہ اس کی لاگت 48 ڈالرز پڑی۔

اس کے علاوہ سام سنگ کے اس فون میں 6.2 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین موجود ہے جس کی قیمت کمپنی کو 72.50 ڈالرز پڑی، اسی طرح پراسیسر 68 ڈالرز کا اور میموری کے پرزے 51 ڈالرز کے ہیں۔

مجموعی طور پر سام سنگ اس فون کی لاگت اور فروخت کی قیمت سے 50 فیصد سے زیادہ منافع کمائے گی، اس کے مقابلے میں ایپل آئی فون ایکس پر 61 فیصد منافع کما رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں