نمک کے دانے سے بھی چھوٹا کمپیوٹر خریدنا پسند کریں گے؟

19 مارچ 2018
یہ انگلی میں درحقیقت 64 کمپیوٹر رکھے ہیں — فوٹو بشکریہ آئی بی ایم
یہ انگلی میں درحقیقت 64 کمپیوٹر رکھے ہیں — فوٹو بشکریہ آئی بی ایم

دنیا میں طاقتور ترین کمپیوٹرز کی کمی نہیں مگر ایک مسئلہ ہے کہ وہ بہت زیادہ بڑے ہوتے ہیں۔

خوش قسمتی سے حالات تبدیل ہونے والے ہیں، کم از کم مشہور کمپنی آئی بی ایم نے تو کچھ ایسا ہی دعویٰ کیا ہے۔

مزید پڑھیں : مستقبل کا کمپیوٹر لینا پسند کریں گے؟

آئی بی ایم تھنک 2018 نامی کانفرنس کے دوران کمپنی نے دنیا کا سب سے چھوٹا کمپیوٹر متعارف کرانے کا دعویٰ کیا اور یہ اتنا چھوٹا ہے کہ نمک کا ایک دانہ بھی اس سے بڑا ہے۔

فوٹو بشکریہ آئی بی ایم
فوٹو بشکریہ آئی بی ایم

مگر اس کے حجم پر نہ جائیں، اس کے اندر 1990 کی ایکس 86 جتنی کمپیوٹنگ پاور موجود ہے جو کہ آج کے دور کے موازنے میں تو زیادہ زبردست نہیں، مگر پھر بھی کمپیوٹرز کی دنیا میں یہ منفرد اختراع ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ اس کمپیوٹر کی لاگت 10 امریکی سینٹس (لگ بھگ 10 یا 11 پاکستانی روپے ) ہے، جبکہ اس کے اندر ہزاروں ٹرانسسٹرز موجود ہیں جو کہ مانیٹر، تجزیے، کمیونیکشن اور ڈیٹا وغیرہ میں مدد دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کا سب سے سستا کمپیوٹر

اسی طرح بنیادی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹاسک جیسے ڈیٹا سورٹنگ وغیرہ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

فوٹو بشکریہ آئی بی ایم
فوٹو بشکریہ آئی بی ایم

آئی بی ایم کے مطابق یہ تو ابھی آغاز ہے ' اگلے 5 برسوں کے اندر کرپٹوگرافک اینکرز جیسے نمک کے دانے سے بھی چھوٹے کمپیوٹر روزمرہ کی اشیاءاور ڈیوائسز میں نصب ہوں گے'۔

اس کمپنی نے فی الحال واضح نہیں کیا کہ یہ کمپیوٹر کب تک صارفین کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

تاہم اس کا کہنا تھا کہ محققین فی الحال اس کے پہلے پروٹوٹائپ کی آزمائش کررہے ہیں۔

مگر ایک بات یقینی ہے کہ مستقبل کے کمپیوٹر بہت زیادہ دور نہیں، بس آپ کو انہیں دیکھنے کے لیے مائیکرو اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں