بولی وڈ سلطان سلمان خان ویسے تو ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کے ساتھ 10 سال کے وقفے کے بعد اسکرین پر رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور سلمان خان آخری بار 2008 میں ’گاڈ تسی گریٹ ہو‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

اس سے قبل دونوں 2007 میں ’سلام عشق‘ اور 2004 میں ’مجھ سے شادی کرو گی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

اب دونوں قریبا ایک دہائی بعد آنے والی فلم ’بھارت‘ میں رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ جہاں پریانکا چوپڑا اور سلمان خان 10 سال بعد ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے، وہیں یہ فلم سلمان خان کے کیریئر کی بھی مہنگی ترین فلم بننے جا رہی ہے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق ’بھارت‘ کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے نیویارک میں پریانکا چوپڑا سے ملاقات کی اور اسے فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ذرائع کے مطابق پریانکا چوپڑا نے فلم میں کام کرنے پر راضی ہوگئیں ہیں۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا گزشتہ 2 سال سے امریکا میں رہائش پذیر تھیں، وہ 19 مارچ کو ممبئی پہنچیں ہیں۔

پریانکا چوپڑا امریکا میں اپنے ایکشن ڈرامہ ’کوانٹیکو تھری‘ سمیت دیگر ہولی وڈ منصوبوں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔

ذرائع کے مطابق پریانکا چوپڑا اب جلد ہی’بھارت‘ سمیت دیگر بولی وڈ منصوبوں کی شوٹنگ ٹیم کو جوائن کریں گی۔

اس فلم کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر اس پر 200 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی، جو اب تک کی سلمان خان کی مہنگی ترین فلم بھی ہوگی۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ اس فلم میں پروڈیوسر اتل اگنی ہوتری بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، تاہم بعد ازاں سلو بھائی کو کاسٹ کیا گیا۔

سلمان خان کی ہدایت کار علی عباس ظفر کے ساتھ تیسری فلم ہوگی، اس سے قبل وہ ’سلطان‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جب کہ پریانکا چوپڑا کی بھی اس ڈائریکٹر کے ساتھ یہ دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل وہ 2014 میں علی عباس ظفر کی ’غنڈے‘ میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

پریانکا چوپڑا قریبا 2 سال بعد کسی بولی وڈ فلم میں کاسٹ ہوئی ہیں، ان کی آخری فلم 2016 میں ’جے گنگا جل‘ ریلیز ہوئی تھی۔

—فوٹو: پریانکا چوپڑا فین انسٹاگرام
—فوٹو: پریانکا چوپڑا فین انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں