اگرچہ بھارتی میڈیا غلط خبریں اور غلط تصاویر شائع کرنے کی تاریخ رکھتا ہے، تاہم ایک بار پھر ہندوستانی میڈیا نے اپنی روایت کو برقرار رکھا اور ایک عام لڑکی کی تصاویر کو اداکارہ کی تصویر کے طور پر شائع کرتا رہا۔

ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی کہ بولی وڈ سلطان سلمان خان کی 1995 میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم ’ویرگاتی‘ میں کام کرنے والی اداکارہ پوجا ڈڈوال ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

خبر کے مطابق پوجا ڈڈوال گزشتہ 15 روز سے ممبئی کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی مالی حالت انتہائی خراب ہے، جس وجہ سے انہوں نے سلمان خان سے مدد کی اپیل کر رکھی ہے۔

خبر کے مطابق پوجا ڈڈوال کی مالی تنگدستی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ وہ چائے کی پیالی پینے کے لیے بھی دوسروں کی محتاج ہیں۔

اداکارہ پوجا ڈڈوال کی اصل تصویر: فوٹو: نوبھارت ٹائمز
اداکارہ پوجا ڈڈوال کی اصل تصویر: فوٹو: نوبھارت ٹائمز

پوجا ڈڈوال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارت کے اہم ترین نشریاتی اداروں نے بھی ابتدائی طور پر غلط تصاویر شائع کرکے ایک عام لڑکی کو اداکارہ کے طور پر دکھایا۔

یہ بھی پڑھیں: بیمار ساتھی اداکارہ کی سلمان خان سے مالی مدد کی التجا

بھارتی میڈیا کی اس غلطی کا پتہ جب پوجا ڈڈوال نامی ٹوئٹر صارف لڑکی کو چلا تو انہوں نے مجبور ہوکر تمام نشریاتی اداروں کے اسکرین شاٹ ٹوئیٹ کرکے بھارت کی وزیر برائے براڈکاسٹنگ سمرتی ایرانی سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

پوجا ڈڈوال کا ماضی اور حال—فوٹو: ٹوئٹر
پوجا ڈڈوال کا ماضی اور حال—فوٹو: ٹوئٹر

پوجا ڈڈوال کی جانب سے کی گئی ٹوئیٹ کے مطابق ’ہندوستان ٹائمز‘ فرسٹ پوسٹ ہندی, ڈی این اے انڈیا، اور نیوز ورلڈ ہندی‘ سمیت دیگر نشریاتی اداروں نے ان کی تصاویر ماضی کی اداکارہ پوجا ڈڈوال کے طور پر شائع کیں۔

چوں کہ ان دونوں کا نام ایک ہی تھا اور ٹوئٹر صارف پوجا ڈڈوال کا چہرہ ماضی میں اداکارہ سے تھوڑی بہت مشابہت رکھتا تھا، اس لیے بھارتی نشریاتی اداروں نے ان کی ٹوئٹر کی تصاویر کو اپنی خبروں میں شائع کیا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے غلط شائع کی گئی تصویر—فوٹو:تیلگو نستام
بھارتی میڈیا کی جانب سے غلط شائع کی گئی تصویر—فوٹو:تیلگو نستام

جب ٹوئٹر صارف پوجا ڈڈوال نے اداکارہ کی بیماری کی جگہ اپنی تصاویر کو دیکھا تو حیران رہ گئیں اور مجبورا انہیں بھارتی میڈیا کی بے وقوفی کے خلاف ٹوئیٹ کرنی پڑی۔

بعد ازاں ہندوستان ٹائمز اور نیوز ورلڈ ہندی‘ نے ٹوئٹر صارف پوجا ڈڈوال سے غلطی میں ان کی تصاویر اداکارہ کے طور پر شائع کرنے پر معزرت بھی کی۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا کی بدتمیزی پر ایشوریا رائے رو پڑیں

ہندوستان ٹائمز نے پوجا ڈڈوال سے معزرت کرتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ انہوں نے ان کی تصویر ڈیلیٹ کردی۔ اسی طرح نیوز ورلڈ ہندی نے بھی پوجا ڈڈوال سے معزرت کی۔

واضح رہے کہ پوجا ڈڈوال پوجا ڈڈوال نے اگرچہ کئی سال پہلے ہی اداکاری کو خیر باد کہ دیا تھا، تاہم انہوں نے ’ویرگاتی‘ کے علاوہ ’انتقام، ہندوستان اور دبدبا‘ نامی فلموں میں بھی کام کیا۔

فلم نگری سے کئی سال تک غائب رہنے والی پوجا ڈڈوال کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہیں، جن کہ ان کی مالی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔

پوجا ڈڈا کے مطابق وہ ریاست گوا میں کئی سال سے کافی بار میں ملازمت کر کے اپنی زندگی گزار رہی تھیں، تاہم 6 ماہ قبل ہی انہیں پتہ چلا کہ وہ ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہیں۔

ان کی بیماری کا پتہ چلنے پر کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر سلمان خان کو ان کی مدد کی اپیل بھی کی ہے، تاہم تاحال دبنگ ہیرو نے معاملے کا نوٹس نہیں لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں