شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں مارکیٹ میں باغیوں کے راکٹ حملے کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق شام کے سرکاری ٹی وی نے پولیس حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا مشرقی دمشق کے علاقے جَرامانا میں ’دہشت گرد گروپوں‘ کے راکٹ حملے میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ 18 فروری سے شام کی حکومتی فورسز دمشق کے باہر مشرقی غوطہ میں زمینی و فضائی حملوں کے ذریعے باغیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: مشرقی غوطہ میں مزید 37 ہلاکتیں، شہریوں کا انخلا جاری

انسانی حقوق کے شامی مبصر گروپ کے مطابق زمینی و فضائی حملوں کے نتیجے میں مشرقی غوطہ کو 80 فیصد باغیوں سے خالی کرا لیا گیا ہے، تاہم ان حملوں میں ایک ہزار 450 سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔

برطانیہ کے مانیٹر گروپ کا کہنا تھا کہ دمشق پر بھی باغیوں کی شیلنگ کے نتیجے میں تقریباً 50 شہری ہلاک ہوئے۔

شام کے علاقے مشرقی غوطہ میں 4 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں اور یہاں 2013 کے وسط سے حکومت مخالف گروپ کا کنٹرول ہے، جس کے بعد سے حکومت کی جانب سے اس علاقے کا محاصرہ جاری ہے۔

شام میں مارچ 2011 سے خانہ جنگی جاری ہے اور اس دوران ایک اندازے کے مطابق 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد شامی ہلاک اور لاکھوں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد لوگ اپنے گھروں سے بھی محروم ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں