اگرچہ ان دنوں بولی وڈ ہاٹ گرل جیکولین فرنانڈس اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ کے لیے ابوظہبی میں موجود ہیں۔

تاہم ان دنوں وہ اپنے نئے آئٹم گانے ’ایک، دو، تین‘ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

جیکولین فرنانڈس نے دراصل بولی وڈ کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ کی 1988 میں آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’تیزاب‘ کے گانے ’ایک، دو، تین‘ کے ریمیک گانے پر نئی فلم ’باغی 2‘ میں پرفارمنس کی۔

اگرچہ ان کے اس گانے کی ویڈیو کو 3 دن میں ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے، تاہم انہیں اس میں انتہائی خراب اور نیم برہنہ ڈانس کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اس گانے کو 1988 میں ’تیزاب‘ فلم میں شامل کرنے والے ڈائریکٹر این چندرا اور اس گانے کی پہلی کوریو گرافر سوراجی خان نے جیکولین فرنانڈس کے رقص کو ’جنسی عمل‘ سے مشابہ قرار دے دیا۔

تیزاب فلم میں مادھوری کے ڈانس کی تصویر، فلم کا ڈائریکٹر اور کوریوگرافر—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ/اسکرین شاٹ
تیزاب فلم میں مادھوری کے ڈانس کی تصویر، فلم کا ڈائریکٹر اور کوریوگرافر—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ/اسکرین شاٹ

ساتھ ہی این چندرا اور سوراجی خان نے جیکولین فرنانڈس اور ’باغی 2‘ کی ٹیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

نشریاتی ادارے ’دی کوئنٹ‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں این چندرا نے بتایا کہ گزشتہ دنوں آنجھانی سری دیوی کی بخشش کے لیے ہونے والی دعائیہ تقریب میں انہوں نے اپنی فلم ’تیزاب‘ کی کوریو گرافر سوراجی خان سے ملاقات کی۔

این چندرا کا کہنا تھا کہ اس دوران انہوں نے سوراجی خان سے ’ایک، دو، تین‘ گانے کے ریمیک پر بات کی۔

این چندرا کے مطابق سوراجی خان اپنے پرانے گانے کے نئے ورژن پر کافی غصے میں نظر آئیں اور انہوں نے جیکولین فرنانڈس کے نیم برہنہ ڈانس پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے فلم کی ٹیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ ماضی کے مقبول گانے ’ایک، دو، تین‘ کے نئے ورژن میں جیکولین فرنانڈس کو قدرے مختصر لباس میں مرد ڈانسرز کے گھیرے میں فحش انداز میں رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

جب کہ ماضی میں اسی گانے میں مادھوری ڈکشٹ کو مرد کے بجائے خواتین ڈانسرز کے ساتھ اسٹیج پر رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یہ گانا پہلی بار انیل کپور اور مادھوری ڈکشٹ کی فلم ’تیزاب‘ میں شامل کیا گیا تھا۔

اب اس کا ریمیک آںے والی ایکشن تھرلر فلم ’باغی 2‘ میں شامل کیا گیا ہے۔

’باغی 2‘ میں ٹائیگر شروف کے ساتھ دیشا پٹنانی ایکشن میں نظر آئیں گی، جیکولین فرنانڈس کو فلم میں کاسٹ نہیں کیا گیا، تاہم ان کا آئٹم سانگ فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا کی اس فلم کی ہدایات احمد خان دے رے ہیں، فلم میں ٹائیگر شروف اور دیشا پٹنانی کے علاوہ شردھا کپور اور رندیپ ہودا سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم میں عاطف اسلم کا گانا ’او ساتھی‘ بھی شامل ہے، اسے رواں ماہ 30 مارچ کو ریلیز کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ فلم 2016 میں آنے والی ٹائیگر شروف کی فلم ’باغی‘ کا سیکوئل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں