بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک ۔ ایران سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک مرد اور ایک خاتون جاں بحق ہوئے۔

ذرائع نے کہا کہ پِک اَپ گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔

دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ اس میں موجود ایک مرد اور خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجگور: پاک-ایران سرحد کے قریب دھماکا، 4 افراد جاں بحق

دھماکے میں جاں بحق افراد کا تعلق مقامی قبیلے سے تھا جن کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں عام شہری، لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

صوبائی انتظامیہ نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: چرچ میں خودکش دھماکا، خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں