فوٹوگرافی کے شائقین کے لیے بہترین اسمارٹ فون؟

21 مارچ 2018
ممکنہ ہیواوے پی 20 پرو — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
ممکنہ ہیواوے پی 20 پرو — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

اگر تو آپ کو نوکیا لومیا 1020 اسمارٹ فون یاد ہے تو یہ بھی ذہن میں ہوگا کہ اس ڈیوائس کا کیمرہ کتنا طاقتور تھا جو کہ 41 میگا پکسل سنسر کے ساتھ زوم ان فوٹو اور ویڈیوز تفصیلات کو متاثر کیے بغیر لینے کی سہولت دیتا ہے۔

اور اب اگر آپ بہترین کیمرے کے لیے اسمارٹ فون لینے کے خواہشمند ہیں تو ہیواوے کا نیا پی 20 پرو بھی نوکیا کے اس فون سے کم نہیں، جس میں 40 میگا پکسل رئیر کیمرہ، 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 20 میگا پکسل بلیک اینڈ وائیٹ سنسر کے ساتھ دیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : ہیواوے کے نئے فلیگ شپ فونز کیسے ہوں گے؟

ہیواوے کا اگلے ہفتے سامنے آنے والے اس فلیگ شپ فون میں 3X آپٹیکل زوم کی صلاحیت ٹیلی فوٹو لینس کے ذریعے فراہم کی جائے گی جبکہ یہ 960 فریم فی سیکنڈ سلوموشن ویڈیو شوٹ بھی کرسکے گا۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ سلوموشن ویڈیو شوٹ کی صلاحیت گلیکسی ایس 9 جیسی ہوگی یا سونی کے ایکسپیریا ایکس زی ٹو کی طرح۔

ہیواوے کے نئے فون کا فرنٹ کیمرہ 24 میگا پکسل کا ہوگا تاکہ سیلفی بھی معیار کے حوالے سے کسی سے کم نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کا پہلا تین بیک کیمروں والا اسمارٹ فون

خیال رہے کہ یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ثابت ہونے والا ہے جس کے بیک پر 3 کیمرے دیئے جانے کا امکان ہے۔

یہ فون 27 مارچ کو پی 20 اور پی 20 لائٹ کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔

پی 20 میں بیک پر لائیسا برانڈڈ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ پی 20 لائٹ میں بھی ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ اپ ہوگا تاہم لائیسا برانڈ نہیں ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں