بولی وڈ کی آںے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کا شائقین کو بے حد انتظار ہے، کیوں کہ اس سیزیز میں مداح پہلی بار دبنگ ہیرو کو دیکھیں گے۔

فلم کی شوٹنگ ابوظہبی اور دبئی میں جاری ہے، جب کہ سلمان خان نے گزشتہ ایک ہفتے سے ایک کے بعد ایک فلم کے کرداروں کی جھلک دکھانے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔

خطرناک مرکزی اداکاروں کی جھلک جاری کرنے سے قبل انہوں نے ’ریس تھری‘ کا لوگ اور بیک گراؤنڈ میوزک کا ٹیزر بھی جاری کیا تھا۔

سلمان خان نے سب سے پہلے تین دن قبل فلم میں اپنے کردار کی جھلک جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ رواں ہفتے مداحوں کو فلم کی تمام کاسٹ سے ملائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس تھری‘ کا’دھوم‘ اسٹائل

انہوں نے فلم میں اپنے کردار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے فلم میں اپنا نام سکندر بتایا، تصویر میں انہیں کالے چشمے اور سیاہ ڈریس میں پستول تھامے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اپنی جھلک کے بعد انہوں نے فلم کی مرکزی اداکارہ جیکولین فرنانڈس کے کردار کی جھلک جاری کی، جس میں وہ کسی مخالف پر پستول چلاتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام

سلمان خان نے بتایا کہ فلم میں جیکولین فرنانڈس ’جیسیکا‘ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

جیکولین فرنانڈس کے بعد انہوں نے فلم کے ایک اور مرکزی اداکار بوبی دیول کی تصویر شئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم میں ’ییش‘ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: ریس تھری کے لیے جیکولین فرنانڈس کی خصوصی تیاری

بوبی دیول کو بھی جیکولین فرنانڈس کی طرح پستول چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم کے تین مرکزی کرداروں کو متعارف کرائے جانے کے بعد سلمان خان نے فلم میں خطرناک کردار ادا کرنے والی اداکارہ ڈیزی شاہ کی تصویر شیئر کی۔

—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام

دبنگ ہیرو نے بتایا کہ ڈیزی شاہ ’ریس تھری‘ میں ’سنجنا‘ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، ساتھ ہی انہوں نے ان کے خطرناک کردار کا عندیہ بھی دیا۔

’ریس تھری‘ میں جیکولین فرنانڈس ایک رومانٹک سی نازک لڑکی کے بجائے ایسی لڑکی کی روپ میں نظر آئیں گی، جو فلم میں اپنے حریفوں کو مارشل آرٹس سے مزے چکھاتی ہیں۔

اور اسی لیے فلم کی شوٹنگ سے قبل ہی جیکولین فرنانڈس نے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کی تربیت بھی حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس بار فلم کی ہدایات بھی دوسرے ڈائریکٹر دیں گے، اس فلم کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دیں گے، جو اس سے قبل سلمان خان کی متعدد فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ریس تھری‘ میں کام کے لیے سلمان کی انوکھی شرط
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام

ریس سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری عباس برما والا اور مستان برماوالا نے دی تھیں، جنہیں عباس مستان کہا جاتا ہے۔ جیکولین فرنانڈس اس سیریز میں دوسری جب کہ سلمان خان پہلی مرتبہ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

سیریز کی پہلی فلم 2008 میں آئی تھی، جس میں بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، جب کہ ان کے ساتھ اکشے کھنہ اور انیل کپور جیسے اداکار بھی اس فلم کا حصہ تھے۔

سیریز کی پہلی فلم کے کامیاب ہونے کے بعد 2013 میں ’ریس 2‘ ریلیز کی گئی تھی، جس میں ایک بار پھر سیف علی خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، جب کہ اس بار اکشے کھنہ کی جگہ جان ابراہم نے لی تھی۔

—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام
—فوٹو: سلمان خان انسٹاگرام

اب اس سیریز کی تیسری فلم میں سیف علی خان کی جگہ سلمان خان جب کہ جان ابراہم کی جگہ بوبی دیول نظر آئیں گے۔

فلم کی پہلی جھلک گزشتہ ماہ 3 فروری کو جاری کی گئی تھی، جس میں صرف مرکزی اداکارہ جیکولین فرنانڈس کی آنکھوں کی جھلک دکھائی گئی تھی۔

ایکشن تھرلر فلم کو رواں برس 15 جون کو عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں