پانچ دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ ’بھائی جان‘ سلمان خان کی ساتھی اداکارہ پوجا ڈڈوال ٹی بی اور پھیپھڑوں کے مرض کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں کسمپرسی کی حالت میں زیر علاج ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 1995 میں فلم ’ویرگاتی‘ میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ پوجا ڈڈوال نے غربت کے باعث دبنگ ہیرو کو مالی مدد کے لیے درخواست بھی کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سلمان خان سے خصوصی طور پر مالی مدد کرنے کے لیے رابطے کی کوشش کی، تاہم ان کا اداکار سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ غربت اور بیماری کے باعث جہاں انہیں اپنا شوہر چھوڑ کر فرار ہوچکا ہے، وہیں دوسرے عزیز و اقارب نے بھی ان سے منہ موڑ لیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس چائے پینے کے پیسے تک نہیں، ایسے میں وہ اپنا علاج کروانے کے لیے پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیمار ساتھی اداکارہ کی سلمان خان سے مالی مدد کی التجا

اداکارہ کے بیمار ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد کئی لوگوں نے ٹوئٹر پر سلمان خان سے ان کی مالی مدد کرنے کے لیے بھی درخواست کی، تاہم پانچ دن گزرجانے کے بعد بھی دبنگ ہیرو نے ساتھی اداکارہ کی بیماری کا نوٹس نہیں لیا۔

تاہم اداکارہ پوجا ڈڈوال کی اور ایک پرانے ساتھی اداکار نے مالی مدد کردی۔

دکن کیرونیکل کے مطابق ماضی میں پوجا ڈڈوال کے ساتھ کام کرنے والے اداکار روی شنکر نے ان کی مدد کی ہے۔

خبر کے مطابق روی شنکر نے اپنے واقف کار کے ذریعے اداکارہ کو نقد رقم اور تازہ پھل بھجوائے۔

اداکار روی شنکر بیمار اداکارہ پوجا ڈڈوال کے ساتھ 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تم سے پیار ہوگیا ہے‘ میں کام کیا تھا۔

پوجا ڈڈوال کے ہاں نقد رقم اور پھل لے کر آنے شخص نے بتایا کہ روی شنکر نے اس سے قبل بھی کئی ضرورت مند افراد کی مدد کی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا نے سلمان کی ساتھی اداکارہ کے بجائے دوسری لڑکی کو بیمار بنادیا

علاوہ ازیں ٹوئٹر صارف ادے بھاگت نے اداکارہ کی ہسپتال میں ریکارڈ کی گئی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی۔

ویڈیو میں اداکارہ کو بستر پر بے حال حالت میں دیکھا جاسکتا ہے، جب کہ ان کے پاس ہی فروٹ رکھے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں اداکارہ کے ساتھ ایک شخص گفتگو کرتے ہوئے انہیں لفافہ بھی دیتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان اپنی فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس وجہ سے انہوں نے پانچ دن گزر جانے کے ساتھی اداکارہ کی بیماری کا نوٹس نہیں لیا۔

روی شنکر اور پوجا ڈڈوال فلم کے ایک منظر میں—فوٹو: فیس بک
روی شنکر اور پوجا ڈڈوال فلم کے ایک منظر میں—فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں